احکامات اِلٰہی – ڈاکٹر عبد القدیر
پچھلے کالم میں آپ کی خدمت میں روزے کے بارے میں احکامات الٰہی پیش کئے تھے ، آج اتنے ہی اہم موضوعات یعنی نماز اور زکوٰۃ کے بارے میں ﷲ تعالیٰ کی ہدایات پیش کررہا ہوں۔
(1) نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ سورۃ البقرہ، آیت 43
(2)بے شک جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کئے، اور نماز قائم کی اور زکوٰۃ ادا کی، ان کے لئے ان کا اجر ہے ان کے رب کے پاس، اور نہ ان پر کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔ سورۃ البقرہ، آیت 277۔ (3)وہ اہل ایمان نماز قائم کرنے والے اور زکوٰۃ دینے والے ہیں۔ سورۃ النساء ، آیت 162 ۔ (4)وہ اہل ایمان ہیں جو نماز قائم کرتے ہیں، زکوٰۃ دیتے ہیں اور (ہر حال میں) اسی کے آگے جھکنے والے ہیں۔ سورۃ المائدہ، آیت 55 ۔ (5)ﷲ کی مسجدوں کو تو وہ لوگ آباد کرتے ہیں جو ﷲ اور روزِ آخرت پر یقین رکھتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، زکوٰۃ دیتے ہیں۔ اور ﷲ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔ یہی لوگ ہیں جنہیں ہدایت نصیب ہوسکتی ہے۔ سورۃ التوبہ، آیت 18 ۔ (6)یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے رب کی رضامندی کے لئے صبر کرتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں اور ہمارے دیئے ہوئے رزق میں سے (ﷲ کی راہ میں) خرچ کرتے ہیں۔ پوشیدہ طور پر بھی، اعلانیہ بھی۔ اور برائی کو بھلائی سے دفع کرتے ہیں آخرت کا گھر بلاشبہ انہی لوگوں کے لئے ہے۔سورۃ الرعد، آیت 22 ۔ (7)ہمارے جو بندے ایمان لائے ہیں ان سے کہہ دو کہ نماز قائم کریں اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے ، اس میں سے ہماری راہ میں خرچ کرتے رہیںپوشیدہ طور سے یا اعلانیہ طور سے قبل اس کے کہ قیامت کا وہ دن آجائے جس میں (نجات کی خاطر) نہ تو کسی طرح کی خریدوفروخت ہوگی اور نہ کسی کی دوستی کام آئیگی۔ سورۃ ابراہیم، آیت31 ۔ (8)(ہم نے ان کی طرف) نماز قائم کرنے اور زکوٰۃ ادا کرنے کی وحی بھیجی اور وہ ہماری ہی عبادت کرنے والے (بندے) تھے۔سورۃ الانبیاء، آیت 73 ، (9)اگر ہم انہیں زمین میں اقتدار بخشیں تو وہ نماز قائم کریں گے، زکوٰۃ دیں گے، نیکی کا حکم دیں گے اور برائی سے منع کرینگے۔ اور معاملات کا انجام کار تو آخر ﷲ ہی کے پاس ہے۔ سورۃ الحج، آیت 41 ۔ (10)پس نماز قائم کرو، زکوٰۃ دیتے رہو اور ﷲ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑے رہو، وہی ہے تمہارا کارساز۔ تو دیکھو وہ کتنا اچھا کارساز ہے اور کتنا اچھا مددگار! سورۃ الحج، آیت 78 ۔ (11)وہ لوگ جو نماز قائم کرتے ہیں،زکوٰۃ دیتے ہیں ، اور آخرت پر یقین رکھتے ہیں۔ یہی لوگ ہیں جو اپنے رب کی طرف سے ہدایت پر ہیں ، اور یہی لوگ ہیں جنہیں فلاح نصیب ہوگی۔ سورۃ لقمان، آیت 45۔ (12)(ایمان لانے والے) جو نماز قائم کرتے، زکوٰۃ دیتے اور آخرت کے دن پر یقین رکھتے ہیں۔ سورۃ نمل، آیت 3 ۔ (13)نماز قائم کرو اور زکوٰۃ دو اور رسولﷺ کی اطاعت کرو، تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔ سورۃ نور، آیت 56 ۔ (14)اور نماز قائم کرو، زکوٰۃ ادا کرو اور ﷲ اور رسول کی اطاعت اختیار کرو۔ سورۃ احزاب، آیت 33 ۔ (15)یقیناً فلاح پاگئے ایمان لانے والے جو اپنی نماز میں خشوع رکھتے ہیں، لغو باتوں سے گریز کرتے ہیں، زکوٰۃ کی ادائیگی کرتے ہیں اور جو اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرتے ہیں، لیکن جو لوگ اسکے علاوہ کچھ اور چاہیں تو ایسے ہی لوگ حد پار کرجانے والے کہلاتے ہیں۔ نیز جو اپنی امانتوں اور عہدوپیمان کا پاس رکھتے ہیں، اور اپنی نمازوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ سورۃ المومنون، آیت 1-9 ۔ (16)جو لوگ ﷲ کی کتاب کی تلاوت کرتے ہیں، اور نماز قائم کرتے ہیں، اور جو کچھ ہم نے انہیں دیا ہے، اس میں پوشیدہ اور اعلانیہ (ﷲ کی راہ میں) خرچ کرتے ہیں، وہ (دراصل) ایک ایسی تجارت کی آس لگائے بیٹھے ہیں جس میں ہرگز نقصان نہ ہوگا۔ سورۃ فاطر، آیت 29 ۔ (17)(افسوس مشرکین پر کہ) جو زکوٰۃ نہیں دیتے اور آخرت کے بھی منکر ہیں۔ سورۃ حم السجدہ، آیت 7۔ (18)اور یہ لوگ اپنے رب کا حکم مانتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، اپنے معاملات باہمی مشورے سے چلاتے ہیں، اور جو کچھ ہم نے انہیں دے رکھا ہے، اس میں سے (راہِ خدا)میں خرچ کرتے ہیں۔ سورۃ الشوریٰ، آیت 38۔ (19)ایمان لاؤ ﷲ اور اس کے رسولﷺ پر اور خرچ کرو اس مال میں سے جو اس نے تمہیں (اپنا) نائب بنا کر دیا ہے، تو جو لوگ تم میں سے ایمان لائیں گے، اور مال خرچ کریں گے، آخرت میں ان کے لئے بیش بہا اجر ہے۔ سورۃ الحدید، آیت 7۔ (20)تو نماز قائم کرتے رہو، زکوٰۃ دیتے رہو، اور ﷲ اور اس کے رسول کی اطاعت کرتے رہو۔ کیونکہ جو کچھ تم کرتے ہو، ﷲ اس سے بہت باخبر ہے۔ سورۃ المجادلہ، آیت 13۔ (21)ہم نے تمہیں جو کچھ دے رکھا ہے اس میں سے (راہ خدا میں) خرچ کرتے رہا کرو، قبل اس کے کہ تم میں سے کسی کی موت آکھڑی ہو اور پھر اس وقت وہ کہنے لگے کہ میرے رب، مجھے تو نے کچھ اور مہلت کیوں نہ دی تاکہ میں صدقے کرتا اور نیک لوگوں میں شامل ہوجاتا! سورۃ التغابن، آیت 10۔ (22)اور نماز قائم کرو اور زکوٰۃ دیتے رہو۔ اور (زکوٰۃ کے علاوہ) ﷲ کو اچھا قرض بھی دیا کرو۔ سورۃ المزمل، آیت 17 ۔ (23)اور انہیں یہی حکم ہوا تھا کہ محض ﷲ کی بندگی کریں اسی کی خالص اطاعت کے ساتھ بالکل یکسو (حنیف) ہو کر، اور نماز قائم کریں۔ اور زکوٰۃ دیں۔ سورۃ البینہ، آیت 5۔
بخدمت رحمت اللعالمین، خاتم النبیین محمد مصطفیﷺ۔
Read Urdu column Ahkamat e Ilahi by Dr Abdul Qadeer khan