مسئلہ حل ہوا بُری مثال کے ساتھ – انصار عباسی
شکر ہے مسئلہ حل ہوا۔ وزیراعظم نے آخر کار نئے ڈی جی آئی ایس آئی کو تعینات کر دیا۔ ہوا وہی جس کا اعلان فوج کی طرف سے باضابطہ طور پر 6 اکتوبر کو کر دیا گیا تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ہی نیا ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا ہے۔ ہاں صرف فرق ایک ہے، پہلے توقع یہ تھی کی نئے ڈی جی آئی ایس آئی24اکتوبر تک اپنے نئی ذمہ داری سنبھال لیں گے لیکن وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ موجودہ ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19نومبر تک اپنے عہدے پر قائم رہیں گے اور نئے ڈی جی 20نومبر سے اپنا کام شروع کر دیں گے۔
میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس سارے معاملے سے وزیراعظم عمران خان کو کیا فائدہ ملا؟ میری دانست میں تو وزیراعظم کا، پہلے اِس معاملے کو ایک تنازع بنانے اور پھر چند ہفتوں تک لٹکانے سے، اپنا سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ خان صاحب کے فوج سے تعلقات متاثر ہوئے اور دونوں اطراف پہلے جیسا اعتماد نہیں رہا۔
اس کے بعد اگر اس سارے معاملے سے کوئی زیادہ متاثر ہوا تو وہ جنرل فیض حمید ہیں جنہیں وزیراعظم چند ماہ مزید اسی پوزیشن پر رکھنا چاہتے تھے اور اس کے لیے اُنہی کی پارٹی کی طرف سے یہ بات میڈیا کو بھی بتائی گئی جس پر اپوزیشن کی طرف سے بھی شور مچایا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم بلاوجہ اس تنازع کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنے رہے جبکہ میری ذاتی رائے میں اس معاملے سے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ بھی متاثر ہوئے ہیں اور اُنہیں وزیراعظم کی طرف سے ایک ایسی شرط کو پورا کرنا پڑا جو ایک نئی مثال ہے جسے میں Bad Precedentیعنی بُری مثال کے طور پر لیتا ہوں۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے گزشتہ روز جو اعلان کیا گیا اُس کے مطابق وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کےلیے پینل میں شامل تمام افسروں کا انٹرویو کرکے جنرل ندیم انجم کے حق میں فیصلہ کیا۔
فوج کی تاریخ میں پہلے کبھی ڈی جی آئی ایس آئی کی پوزیشن کےلیے نہ تو پینل میں شامل افسروں کی لسٹ وزیراعظم کو بھیجی گئی اور نہ ہی وزیراعظم نے امیدواران کے انٹرویو کیے۔ ماضی میں یہ معاملہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں بغیر کسی سمری، پینل وغیرہ کے ایسے طریقہ سے حل ہو جاتا تھا کہ متعلقہ وزارتوں کو نہ سمریاں بنانا پڑتی تھیں اور نہ ہی پینلز بنتے تھے اور انٹرویز کا تو کبھی سوال ہی پیدا نہیں ہوا۔
وزیراعظم نے اس سے پہلے دو افسروں کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا اور دونوں بار وہی پرانا طریقہ استعمال ہوا۔ نہ کوئی سمری بھیجی گئی، نہ پینل بنا نہ اور نہ ہی انٹرویوز ہوئے۔
اس بار نجانے یہ سب کرنے کی کیا ضرورت پڑ گئی۔ مجھے انٹرویز پر شدید اعتراض ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر یہ سلسلہ چل نکلا اور اس Bad Precedentکو آئندہ آنے والے وزراء اعظم بھی فالو کرتے رہے تو اس سے فوج کے سیاست زدہ ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ فوج کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اُن کے افسروں کے انتظامی معاملات یعنی تعیناتیاں، ٹرانسفر پوسٹنگ، ٹریننگ وغیرہ میں کسی بیرونی اور اندرونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جاتا۔
اگر ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی وزیراعظم کے پینل میں شامل افسروں کے انٹرویوز کی بنیاد پر ہوگی تو اس سے یہ خطرہ پیدا ہو گا کہ امیدواران میں سے کوئی بھی وزیراعظم کو اپنی تعیناتی کےلیے سفارش کروا سکتا ہے یا وزیراعظم امیدواران میں سے اُس کا چناؤ کر سکتا ہے جو اُسے اپنے پولیٹیکل ایجنڈے کی تکمیل کےلیے مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائے۔
ہم تو چاہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے سیاست میں مداخلت بند ہو۔ انٹرویوز کا معاملہ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست میں مداخلت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ فوج کے افسروں کے متعلق اندرونی انتظامی معاملات (Personnel Management Issues) میں بیرونی مداخلت کو دعوت دینے کے مترادف ہوگا جو فوج اور آئی ایس آئی جیسے اہم ترین اداروں کےلیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
ہمارے ملک کی سول سروس کی بربادی کی وجہ یہی بیرونی مداخلت ہی ہے جو رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ کجا یہ کہ ہم اپنی سول سروس کو سیاست اور بیرونی مداخلت سے پاک کریں، ہم نے فوج اور آئی ایس آئی کو اس نئے طریقہ کار یعنی Bad Precedentکے ذریعے سے ایک نئے خطرے سے دوچار کر دیا۔
مجھے امید ہے کہ یہ غلطی دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی اور کوئی دوسرا وزیراعظم پینل اور انٹرویوز کی ضد نہیں کرے گا اور نہ ہی فوج ایسا موقع دوبارہ آنے دے گی۔
(کالم نگار کے نام کے ساتھ ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں 00923004647998)
Source: Jung News
Read Urdu column Masla Hul howa Buri Misal k Sath By Ansar Abbasi