’ابو، میں گھر چھوڑ کر جارہا ہوں، مجھے یہ انتہائی خوبصورت لڑکی مل گئی ہے، یہ میرا بہت خیال رکھتی ہے‘ 15 سالہ بچے کا باپ کو خط، لیکن اس کی حقیقت کیا تھی؟ جان کر کسی کی بھی ہنسی نہ رکے

امریکہ میں ایک 15سالہ لڑکے نے اپنے والد کو خط لکھا کہ مجھے بہت خوبصورت لڑکی مل گئی ہے جو میرا بہت خیال رکھتی ہے۔ میں اس کے ساتھ رہنے کے لیے گھر چھوڑ کر جا رہا ہوں اور اس خط کے آخر میں لڑکے نے ایسی بات لکھ دی کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ ویب سائٹ newstab.us کے مطابق اس لڑکے کا باپ اپنے بیٹے کے کمرے کے سامنے سے گزرا۔ اس نے دیکھا کہ کمرا بالکل سجا سنورا ہے اور خلاف معمول اس میں ہڑبونگ نہیں مچی ہوئی۔ وہ اندر داخل ہوا تو بیڈ پر رکھے تکیے پر ایک لفافہ پڑا تھا، جس پر ’ڈیڈ کے لیے‘لکھا ہوا تھا۔ اس شخص نے لفافہ کھولا تو اندر سے خط نکلا جسے دیکھ کر پہلے تو والد کے پیروں تلے زمین نکل گئی اور پھر جب آخر میں پہنچا تو شاید کھلکھلا کر ہنس دیا ہو گا۔

لڑکے نے خط میں لکھا تھا کہ ”پیارے ڈیڈ! مجھے بہت افسردگی کے ساتھ یہ خط لکھ رہا ہوں۔ میں اپنی نئی گرل فرینڈ سٹیسی کے ساتھ بھاگ کر جا رہا ہوں کیونکہ آپ اور ممی اسے کبھی قبول نہیں کریں گے۔ اس نے پورے جسم پر ٹیٹو بنوا رکھے ہیں اورایسے کپڑے پہنتی ہے کہ آپ کو کبھی پسند نہ آتے۔ اس کے علاوہ وہ عمر میں بھی مجھ سے بہت زیادہ بڑی ہے لیکن ہم ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔“

”وہ حاملہ بھی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ ہم بہت خوش رہیں گے۔ اس کے پاس مضافاتی علاقے میں زمین بھی ہے۔ اور تمام سردیوں میں جلانے کے لیے لکڑیاں بھی۔ ہمارا خواب ہے کہ بہت سارے بچے پیدا کریں۔ سٹیسی نے تو میری آنکھیں کھول دی ہیں۔ اسی نے مجھے بتایا ہے کہ چرس لوگوں کو نقصان نہیں پہنچاتی۔ وہ کہتی ہے کہ ہم اس کی زمین پر بھنگ اگایا کریں گے اور خود بھی استعمال کریں گے اور دوسروں کو بھی فروخت کریں گے۔ وہاں کوکین بھی بہت ملے گی۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ سائنس جلد ایڈز کا علاج دریافت کرنے میں کامیاب ہو جائے تاکہ سٹیسی صحت مند ہو سکے۔ ڈیڈ آپ پریشان مت ہونا۔ میں 15سال کا ہوں اور جانتا ہوں کہ اپنا خیال کیسے رکھنا ہے۔ کبھی نہ کبھی میں آپ سے ملنے واپس آﺅں گا اور آپ کو بتاﺅں کہ اب آپ کے بہت سے پوتے پوتیاں بھی ہیں۔آپ کا پیارا بیٹا، جوشوا۔“

اس کے بعد خط کے آخری پیراگراف میں جوشوا لکھتا ہے کہ ”ڈیڈ اوپر میں نے جو کچھ لکھا اس میں کچھ بھی سچ نہیں ہے۔ میں جیسن کے گھر پر ہوں۔ میں صرف آپ کو یہ یاد دلانا چاہتا تھا کہ دنیا میں میری سکول رپورٹ کے علاوہ بھی بہت بری چیزیں ہیں، جو کچن ٹیبل پر رکھی ہے۔ جب میرا گھر پر آنا محفوظ ہو تب مجھے کال کر دیجیے گا۔“

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.