’18 ماہ میں میرے 3 حمل ضائع ہوئے لیکن پھر ہاتھ پر یہ چیز پہننا شروع کی تو صحت مند بچے کی ماں بن گئی‘
اسقاط حمل عام پایا جانے والا مسئلہ ہے جس کے باعث بے شمار جوڑے اولاد سے محرومی کے دکھ کا سامنا کرتے ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ حمل ضائع ہونے کے خدشے سے دوچار خواتین کے لئے بھی امید کی کرن ضرور موجود ہوتی ہے لیکن اس کے لئے انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ حمل کا محفوظ وقت کون سا ہے۔ عموماً اس مخصوص وقت سے پہلے یا بعد میں ٹھہرنے والا حمل مدت پوری نہیں کر پاتا۔ اب تک
تو خواتین محض اندازے سے حمل کے محفوظ وقت کا انتخاب کرتی رہی ہیں لیکن خوش قسمتی سے اب ایک ایسا سادہ سا آلہ ایجاد ہو چکا ہے جو اُن کی بہترین انداز میں مدد کر سکتا ہے۔ برطانوی خاتون کلئیر رائسٹ کو بھی تین بار اسقاط حمل کے دردناک تجربے سے گزرنے پڑا لیکن بالآخر انہوں نے یہ آلہ استعمال کیا اور اب ایک پیاری سی بچی کی ماں ہیں۔
آکسفرڈ کے علاقے ابنگڈن سے تعلق رکھنے والی کلیئر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ان کا حمل تین بار ضائع ہوا۔ بالآخر انہیں کسی نے ”ایوا بریسلٹ“ کے بارے میں بتایا جسے استعمال کرنے پر انہیں حیرت انگیز کامیابی مل گئی ۔ یہ پلاسٹک کا یک ہلکا پھلکا پٹہ ہے جسے گھڑی کی طرح کلائی پر باندھا جاتا ہے۔ اس کے اندر لگے حساس آلات جسمانی درجہ حرارت، نبض کی رفتار، نیند کے معمولات، دوران خون کی کیفیت، اور اس طرح کے دیگر درجن بھر اعداد شمار کو مانیٹر کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ حمل کے لئے محفوظ ترین وقت کون سا ہے۔ کلئیر نے ان معلومات کی روشنی میں حمل کی کوشش کی حیران کن طور پر اس بار ان کا حمل ضائع نہیں ہوا۔
کلئیر نے بتایا کہ وہ ”پولی سسٹک اوری سنڈروم“ نامی بیماری کی وجہ سے حاملہ نہیں ہوپارہی تھیں لیکن 249 پاﺅنڈ (تقریباً 39 ہزار پاکستانی روپے) میں خریدے گئے ایوابریسلٹ نے ان کا یہ مسئلہ حل کردیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بتایا تھا کہ ان کا مسئلہ ”ارلی امپلانٹیشن“ کا تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ایک ایسے وقت پر حاملہ ہوتی تھیں کہ جب ایمبریو کے بحفاظت نمو پانے کے امکانات کم ہوتے تھے۔ ایوا بریسلٹ کی مدد سے وہ مانیٹر کرسکتی تھیں کہ ان کے حاملہ ہونے کیلئے بہترین وقت کون سا ہے اور اس کی رہنمائی میں انہوں نے کوشش کی اور اس بار حمل کی مدت مکمل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
”ایوا بریسلٹ“، جسے ”ایوا فرٹیلٹی ٹریکر“ بھی کہا جاتا ہے، خواتین کی نیند کے دوران 9مختلف اقسام کی معلومات اکٹھی کرتا ہے۔ ان معلومات کی بناءپر یہ موبائل فون پر انسٹال کی گئی متعلقہ ایپ کو بتاتا ہے کہ کے حاملہ ہونے کیلئے بہترین اور محفوظ وقت کون سا ہوسکتا ہے۔ اس آلے پر تحقیق کرنے والے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ تقریباً 89 فیصد درست اور کامیاب نتائج دے رہا ہے۔