حکومت کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے ایک کورس میں حصہ لے کر یہ پاکستانی لڑکی ہر ماہ 2 لاکھ روپے کمانے لگی، مگر کیسے؟
حکومت پنجاب کی طرف سے ’ای روزگار‘ نامی ایک پروگرام متعارف کروایا گیا ہے جس کے ایک کورس میں حصہ لے کر ایک لڑکی اب ماہانہ 2لاکھ روپے کما رہی ہے۔ ویب سائٹ beyourownboss.pkکی رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کا نام صوفیہ خالد ہے۔ اس کی ماں کینسر کی مریض ہے۔ بہن بھائیوں میں سب سے بڑی ہونے کے باعث تمام تر ذمہ دار اس کے کندھوں پر تھی، چھوٹے بہن بھائیوں کو سنبھالنا اور ان کے لیے کما کر لانا بھی اسی کی ذمہ داری تھی ۔ وہ ایک سکول میں پڑھاتی تھی اور گھر چلا رہی تھی۔ پھر اس نے حکومت کے ’ای روزگار‘ پروگرام میں حصہ لیا اور ایک کورس کرنے کے بعد فری لانسنگ شروع کر دی اور محض 2مہینے کے عرصے میں اعزازی مصنف اور ری ویوور کے طور پر اس کا کام اس قدر مقبول ہو چکا ہے کہ اب وہ 2ہزار ڈالر(تقریباً2لاکھ روپے) ماہانہ کما رہی ہے۔
ای روزگار سے کورس کرنے کے بعد صوفیہ نے ویب سائٹ Fiverrپر پروفائل بنائی اور دو ماہ تک اسے جدوجہد کرنی پڑی، یہ دو ماہ اس کے لیے بہت کٹھن تھے ۔ Fiverrجوائن کرنے کے پہلے ہفتے میں اسے شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اسے براہ راست کلائنٹ نہیں مل رہے تھے لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری۔ اب وہ کچھ خواتین پاکستانی کرکٹرز سمیت مختلف براہ راست کلائنٹس کے کام کر رہی ہے اور ماہانہ لاکھوں کما رہی ہے۔ اس کے کلائنٹس میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ایمن انور بھی شامل ہے جو اس سے اب تک کئی پراجیکٹ کروا چکی ہے۔صوفیہ کا کہنا تھا کہ ”ای روزگار ایک ایسا زبردست پلیٹ فارم ہے جو لوگوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے آمدن کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہو رہا ہے۔میں آج جتنی رقم کما رہی ہوں، کبھی نہ کماسکتی اگر ای روزگار میں شمولیت اختیار نہ کرتی۔میں ای روزگار کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے اندھیروں میں روشنی دکھائی۔“