4 بچوں کی ماں نے رات کو انہیں موبائل فون استعمال کرنے سے روکنے کے لئے چھین کر خود رکھ لئے، لیکن پھر بچوں نے اس کا بدلہ کیسے لیا؟ جان کر تمام والدین ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوجائیں گے
آج کی نسل فونز کی اس قدر عادی ہے کہ اسے رات کو سونے کا ہوش بھی نہیں ہوتا۔ امریکہ میں ایک ماں اپنے 4بچوں سے تنگ تھی جو رات بھر فون اور آئی پیڈز پر لگے رہتے تھے۔ ایک روز اس خاتون نے تنگ آ کر بچوں سے فونز چھینے اور اپنے کمرے میں رکھ لیے لیکن بچوں نے اپنی ماں سے اس کا ایسا بدلہ لیا کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق مشعیل گیگلر نامی اس خاتون نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر یہ واقعہ سناتے ہوئے لکھا ہے کہ ”میرے چار بچے، جن کی عمریں 8سے 13سال کے درمیان ہیں، رات 2بجے اپنے اپنے فون پر لگے ہوئے تھے۔ میں نے تنگ آ کر ان سے فون چھین لیے اور اپنے کمرے میں رکھ دیئے تاکہ وہ آرام سے سو سکیں، لیکن ان کمبختوں نے مجھ سے ایسا بدلہ لیا کہ میری رات کی نیند برباد کر ڈالی۔“
”جب میں ان سے فون چھیننے سے قبل بات کر رہی تھی تو ان سب نے اپنے اپنے فونز پر مختلف اوقات پر الارم سیٹ کر دیئے۔ میں نے فون لیجا کر اپنے کمرے میں رکھ دیئے اور سو گئی۔ ابھی مجھے نیند آئی ہی تھی کہ ایک فون کا الارم بجنے لگا۔ میں نے اٹھ کر اسے بند کیا اور دوبارہ سونے کی کوشش کرنے لگی، ابھی آنکھ لگی ہی تھی کہ دوسرے فون پر الارم کی گھنٹی بج اٹھی۔ یوں باری بار چاروں فونز کے الارم نے مجھے نیند سے جگا دیا۔ اب میں بھی انہیں سبق سکھاﺅں گی اور ہر روز رات کو ان کے فون ضبط کیا کروں گی، لیکن اب میں فون لینے کے بعد ان کے الارم چیک کرکے سویا کروں گی۔“