4 سالہ بچہ جو کھانستا تو سیٹیاں بجتی، ڈاکٹر نے معائنہ کیا تو سینے میں ایسی چیز نظر آگئی کہ اپنی بھی سٹی گم ہوگئی
بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک کمسن بچے کو عجیب قسم کی کھانسی لاحق ہو گئی۔ یہ جب بھی کھانستاتھا تو گلے سے سیٹی کی آواز آتی تھی۔والدین سمجھے کہ ان کا چار سالہ بچہ کالی کھانسی میں مبتلا ہے مگر اس بات پر حیران تھے کہ اس کے گلے میں سیٹیاں کیوں بجتی ہیں۔ بہرحال، وہ بچے کو ہسپتال لے گئے مگر وہاں ایک ایسا انکشاف ہو گیا کہ والدین تو کیا ڈاکٹر صاحب بھی حیرت میں گم ہو گئے۔
سائنسی جریدے ”نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن“ میں 9 اگست کے روز اس انوکھے کیس کی رپورٹ شائع کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بچے کو ہسپتال لانے والے والدین نے ڈاکٹر کو بتایا کہ گزشتہ دو روز سے اسے کھانسی آرہی ہے اور جب وہ کھانستا ہے توسیٹی کی آواز سنائی دیتی ہے۔ جب اس بچے کے سینے کا ایکسرے کیا گیا تو بائیں جانب کا پھیپھڑا غبارے کی طرح پھولا ہوا تھا۔ اس طرح کی کیفیت
عموماً ایسی صورت میں پیدا ہوتی ہے جب کوئی چیز پھیپھڑوں میں ہوا کی آمدورفت کے راستے میں حائل ہو۔ ایکسرے کے بعد بچے کے برونکو سکوپی ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ایک باریک ٹیوب برونکو سکوپ کو گلے کے راستے پھیپھڑوں تک پہنچا کر معائنہ کیا جاتا ہے۔ اس معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ بچے کے گلے میں واقعی ایک اصلی سیٹی پھنسی ہوئی تھی۔
بچے کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر پربھو سکتیوال نے بتایا کہ چھوٹے بچے اکثر کوئی چیز منہ میں ڈال لیتے ہیں جو اُن کے گلے میں پھنسے کا خدشہ ہوتا ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ اس بچے نے اپنے گلے میں پلاسٹک کی سیٹی پھنسا لی تھی۔ بچے نے کسی کو نہیں بتایا کہ اصل ماجرا کیا تھا لیکن وہ شدید تکلیف میں مبتلاءتھا۔ جب اسے کھانسی آتی تھی تو سیٹی میں سے ہوا گزرنے پر یہ بجتی تھی۔ ڈاکٹر پربھو کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے بچے کو بروقت ہسپتال لایا گیا ورنہ یہ صورتحال زیادہ پیچیدگی کا سبب بن سکتی تھی اور بچے کے گلے یا پھیپھڑوں کا ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا تھا۔