’مجھ پر 50 لاکھ کا قرض تھا، لیکن پھر یہ کام کیا تو نہ صرف قرضہ اترگیا بلکہ چند سالوں میں ہی کروڑ پتی بن گیا‘ آدمی نے نوجوانوں کو امیر ہونے کا طریقہ بتادیا
مفلسی سے امارت کی جانب سفر کو اگرچہ محض قسمت کی بات قرار دیا جاتا ہے لیکن دنیا کا بغور مشاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ انسان کا اپنا بھی اس میں بہت کچھ عمل دخل ہوتا ہے۔ کم از کم راب مور کا تو یہی ماننا ہے کیونکہ چند سال قبل کئے گئے ایک صحیح فیصلے نے ان کی زندگی بدل دی ہے۔
ڈیلی سٹار سے با ت کرتے ہوئے راب نے بتایا کہ دس سال قبل ان کا یہ حال تھا کہ وہ 50 لاکھ کے قرض تلے دبے تھے۔ ان دنوں وہ ایک معمولی ملازمت کرتے تھے اور سخت محنت کے باوجود اپنا قرض چکا نہیں پا رہے تھے ۔ ایک روز ان کے دوست مارک ہومر نے انہیں مشورہ دیا کہ کیوں نا وہ مل کر پراپرٹی کے کاروبار میں قسمت آزمائی کریں۔ راب کا کہنا ہے کہ وہ زندگی سے بہت مایوس تھے اور کامیابی کی امید نہیں رکھتے تھے لیکن بہر حال انہوں نے مارک کی بات مان لی۔ ان دونوں نے راب کے گھر کے باورچی خانے کو اپنا پہلا دفتر بنایا اور پھر اپنے دوستوں عزیزوں سے رقم اکٹھی کر کے پراپرٹی خریدنے کا سلسلہ شروع کیا۔ وہ کوئی عمارت خریدتے اور پھر اسے کرائے پر دیتے تھے۔ اسی طرح انہوں نے پراپرٹی کے بارے میں مشاورت کا سلسلہ بھی شروع کر دیا اور اس کام میں بھی انہیں بہت کامیابی ملی۔ گزشتہ دس سال کی محنت کا نتیجہ یہ ہے کہ وہی راب جو کبھی لاکھوں کے مقروض تھے آج 700 مختلف جائدادوں کے مالک ہیں۔
راب کا کہنا تھا کہ وہ خود کو بہت قابل یا تیز طرار نہیں سمجھتے لیکن پراپرٹی کا کاروبار انہیں خوب راس آیا کیونکہ انہوں نے صدق دل کے ساتھ اس کام میں محنت کی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ نوجوان اگر سنجیدگی اور محنت کے ساتھ اس شعبے کو اپنائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ کامیابی سے ہمکنار نا ہوں۔