7 سالہ بچی والد کو گرفتار کرانے تھانے جا پہنچی – وجہ انتہائی شرمناک

بھارت میں 7 سالہ بچی گھر میں بیت الخلا بنانے کا وعدہ پورا نہ کرنے پر اپنے والد کو گرفتار کرانے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچ گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بھارت کی ریاست تمل ناڈو میں سات سالہ بچی نے اپنے والد کی گرفتاری کے لیے مقامی تھانے میں درخواست جمع کرادی۔

درخواست میں کہا گیا کہ مجھے رفع حاجت کے لیے کھلے میدان میں جانا پسند نہیں، نرسری جماعت سے والد نے گھر میں ٹوائلٹ بنانے کا وعدہ کر رکھا ہے لیکن 5 سال گزرنے کے بعد بھی اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ اس لیے وعدہ خلافی پر انہیں گرفتار کیا جائے۔

سات سالہ حنیفہ اپنے والد کے خلاف درخواست جمع کرانے کے لیے اپنی والدہ کے ہمراہ اسکول سے براہ راست تھانے پہنچی اور ایس ایچ او کو اب تک اسکول سے ملنے والی ٹرافیاں، اسناد اور تحائف دیکر کر کہا ’یہ سب لے لیں لیکن میرے لیے بیت الخلا بنوادیں۔‘

ایس ایچ او نے حنیفہ کے والد کو بلا کر ٹوائلٹ بنانے سے متعلق پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ میں آج کل بیروزگار ہوں اس لیے بیت الخلا کی تعمیر ادھوری رہ گئی ہے۔ رقم نہ ہونے کی وجہ سے بچی سے کئے گئے وعدے کی تکمیل میں تاخیر ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کروڑوں افراد بیت الخلا کی سہولت سے محروم ہیں جس میں غربت کےعلاوہ شعور کی کمی اور فرسودہ روایات کا عمل دخل بھی ہے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.