’میں 8 سال سے اس بچی کا باپ ہونے کی ایکٹنگ کررہا ہوں حالانکہ اس کی ماں سے یا اس سے میرا کوئی رشتہ نہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ اس کی ماں نے مجھے پیسے دے کر۔۔۔‘ آدمی نے ایسی بات بتادی جو آپ نے زندگی میں کبھی نہ سنی ہوگی
وقت بدلنے کے ساتھ معاشرے بھی بدلتے جاتے ہیں لیکن اب یہ معاشرتی تغیر کس حد کو پہنچ چکا ہے اس کا اندازہ جاپان میں پائے جانے والے ایک ایسے پیشے سے کیا جا سکتا ہے جو حیرت انگیز تو ہے ہی لیکن شاید بہت افسوسناک بھی ہے۔ ’دی اٹلانٹک‘ کے مطابق جاپان میں آپ رفقائے کار، دوست عزیز، رشتہ دار، اور حتیٰ کہ شریک حیات اور ماں باپ بھی کرائے پر حاصل کر سکتے ہیں ۔ ایشی ا یوچی نامی جاپانی شہری تو ایک بڑی کمپنی چلاتے ہیں جو ضرورت مند افراد کو کرائے پر دوست احباب ، رشتہ دار اور کبھی کبھار آخری رسومات کے لئے سوگواران بھی فراہم کرتی ہے۔
ایشی ایوچی کہتے ہیں کہ وہ دس سال سے ’فیملی رومانس‘ کے نا م سے یہ کمپنی چلا رہے ہیں۔ ان کے پاس تقریباً 800افراد کام کرتے ہیں جو اداکاری کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی گاہک کے لیے اس کا مطلوبہ رشتہ دار یا دوست بننے کی بہترین اداکاری کر سکتے ہیں۔ وہ خود بھی پانچ خاندانوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ ان کی ایک گاہک ایک ایسی خاتون ہے جس نے اپنے خاوند سے طلاق لینے کے بعد انہیں کرائے پر اپنا شوہر رکھا ہوا ہے۔ وہ اس خاتون کی بیٹی کے سامنے اس کا باپ ہونے کی اداکاری کرتے ہیں اور طے شدہ اوقات پر اس سے ملنے جاتے ہیں۔ لڑکی کو معلوم نہیں کہ اس کا اصلی باپ اس کی کمسنی میں ہی اسے چھوڑ چکا ہے۔
ایشی ایوچی نے بتایا کہ اس ننھی لڑکی کو والد نہ ہونے کی وجہ سے بچے سکول میںتنگ کرتے تھے۔ بچی کی والدہ نے ایشی ایوچی کی کمپنی کے بارے سنا تو ان سے رابطہ کیا اور انہیں بچی کا والد بننے کی درخواست کی۔ ایشی ایوچی کہتے ہیں کہ انہوں نے اس درخواست کو قبول کیا اور خود اس بچی کے والد کا کردار ادا کرنے کی فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب اس بات کو آٹھ سال گزر چکے ہیں اور اور وہ اس بچی کے کرائے کے باپ کا کردار مسلسل ادا کر رہے ہیں۔
ایشی ایوچی نے مزید بتایا کہ ان کی خدمات عام طور پر ایسے افراد کو درکار ہوتی ہیں جن کے پاس اپنی زندگی کی اہم مواقع کیلئے حقیقی رشتہ دار یا دوست احباب نہیں ہوتے ۔ جاپانی معاشرے میں انفرادیت اور تنہائی پسندی جس طرح بڑھ رہی ہے اس کے پیش نظر ایشی ایوچی امید رکھتے ہیں کہ آنے والے وقت میں ان کا کاروبار مزید پھلے پھولے گا۔