”پی ایس ایل میں آنے کا مقصد قومی ٹیم میں جگہ بنا نا تھا“ احمد شہزاد ’پھٹ‘ پڑے، دل کی بات زبان پر لے آئے
قومی کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ لیگ میں کارکردگی کی بناءپر پاکستانی ٹیم کی سلیکشن نہیں ہونی چاہئے بلکہ اچھے اور بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے چار روزہ اور ایک روزہ میچوں کی مانیٹرنگ ہونی چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ پی ایس ایل میں آنے کا مقصد قومی ٹیم میں جگہ بنانا تھا اس لئے یہ ٹورنامنٹ میرے لئے بہت اہم ہے اور میری خواہش ہے کہ پاکستان کیلئے ورلڈکپ میں کچھ نیا کروں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچز ہمیشہ سے بہت کانٹے دار ہوئے ہیں اور جو ٹیم کم سے کم غلطیاں کرے گی وہی کل کا میچ جیتے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم میں سلیکشن کیلئے پی ایس ایل کی کارکردگی کو بنیاد نہیں بنانا چاہئے کیونکہ اگر آپ بڑے اور لیجنڈ کھلاڑی چاہتے ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ اور ایک روزہ کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں تو اس لئے چار روزہ اور ایک روزہ ڈومیسٹک ایونٹس پر نظر رکھی جائے اور ان ایونٹس میں لگاتار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ہی موقع دینا چاہئے۔