جہاز فُل ہوگیا اب جگہ نہیں، ایئر بلیو انتظامیہ نے 17 مسافر واپس کردیے
ائر بلیو انتظامیہ نے جدہ کے کنفرم ٹکٹ کے حامل 17 مسافروں کو پرواز اووربک ہونے کی وجہ سے سفرسے محروم کردیا۔
ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی غفلت کے سبب نجی ایئرلائنز بھی من مانی پر اتر آئیں، اس کی تازہ مثال اتوار کے روز جناح ٹرمینل پر دیکھنے کو ملی جب نجی ائر لائن ائر بلیو نے جدہ جانے والی پرواز پی اے 170 کو اووربک کردیا اور نتیجے میں 17 ایسے مسافروں کو واپس کردیا گیا جو باقاعدہ ٹکٹ خرید کر پرواز کے لیے آئے تھے اور ایئر لائن عملے کی جانب سے وجہ بتائی گئی کہ جہاز میں جگہ نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو عمرے پر جارہا تھا، متاثرین خاندان نے ایئر بلیو کے رویے کے خلاف چیک ان کاونٹر پر احتجاج بھی کیا۔