سب سے امیر ترین پاکستانی جو جوانی میں چند روپوں کے لئے برتن دھوتا تھا آج اربوں ڈالرکا مالک بن گیا، ملک ریاض کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
پاکستانی نژاد امریکی شہری شاہد خان کا نام تب سے عالمی میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے جب سے انہوں نے برطانیہ کے سب سے بڑے اور تاریخی ’ویمبلے فٹ بال سٹیڈیم‘ کو خریدنے کے لیے 60کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 90 ارب روپے)کی پیشکش کی ہے اور لوگ جاننا چاہتے ہیں آخر شاہد خان کون ہے؟
میل آن لائن کے مطابق 67سالہ شاہد خان کی صفر سے کھرب پتی بننے کی کہانی انتہائی متاثر کن ہے۔ وہ لاہور میں پیدا ہوئے تھے اور 1968ءمیں 16برس کی عمر میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ چلے گئے۔ ان کی والدہ زکیہ ریاضی کی پروفیسر تھیں جبکہ والد رفیق تاجر تھے۔جب شاہد خان امریکہ پہنچے تو ان کی جیب میں صرف500ڈالر تھے۔ دوران تعلیم انہوں نے کئی
طرح کی ملازمتیں کیں، جن میں ایک ہوٹل کی ملازمت بھی تھی جہاں وہ 1.20ڈالر (تقریباً138روپے)فی گھنٹہ کے عوض پلیٹیں دھونے کا کام کرتے تھے۔تعلیم مکمل ہونے پر انہوں نے گاڑیوں کے پرزے بنانے والی کمپنی ’فلیکس این گیٹ‘میں ملازمت اختیار کر لی اوراپنے امریکہ آنے کے 13سال بعدہی 80کروڑ ڈالر (تقریباً 80 ارب روپے) میں انہوں نے اسی کمپنی ’فلیکس این گیٹ‘ کو
خرید لیا۔ابتدائی طور پر یہ کمپنی ’ٹویوٹا‘ کو گاڑیوں کے بمپرز فراہم کرتی تھی، 1980ءمیں سے اس کے بمپرز کی مانگ میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور 1989ءمیں یہ واحد کمپنی تھی جو ٹویوٹا کو بمپرز فراہم کر رہی تھی۔آج ان کی کمپنی کے بمپرز کی مانگ اس قدر ہو چکی ہے کہ 2012ءسے اب تک امریکہ میں جتنی بھی گاڑیاں فروخت ہوئی ہیں ان میں سے دو تہائی پر فلیکس این گیٹ کے بمپرز لگے ہوئے ہیں اور اس کی فروخت ساڑھے تین ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔اب فلیکس این گیٹ کے 62پیداواری پلانٹ ہیں جن میں 24ہزار سے زائد ورکرز کام کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آج وہ دنیا کے 217ویں امیر ترین آدمی ہیں۔ امریکی شہر شکاگو میں شاہد خان کا عالیشان گھر ہے جس کی مالیت 80لاکھ ڈالر(تقریباً80کروڑ روپے) ہے۔کامیاب کاروباری شخص بننے کی تمام خوبیاں شاہد خان کو اپنے والد سے ورثے میں ملیں، وہ بچپن ہی سے اپنے باپ کی دکان پر ان کا ہاتھ بٹاتے تھے اور خود ریڈیو بنا کر بھی فروخت کیا کرتے تھے۔ ان کی کاروباری سوچ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے دوستوں کو اپنی کتابیں بھی کرائے پر دیتے تھے۔کھیلوں میں رغبت بھی ان میں بچپن ہی سے تھی اور وہ لاہور سٹیڈیم(موجودہ قذافی سٹیڈیم)
میں کرکٹ کھیلنے جایا کرتے تھے۔ یہ رغبت انہیں امریکی نیشنل فٹ بال لیگ کی طرف لائی اور آج وہ ایک این ایف ایل ٹیم کے مالک ہیں۔رپورٹ کے مطابق قذافی سٹیڈیم میں کوئی میچ ہوتا تو شاہد خان اور ان کے والد وہ میچ لازمی دیکھتے لیکن انہوں نے کبھی ٹکٹ خرید کر میچ نہیں دیکھا۔ وہ قذافی سٹیڈیم جاتے اور چائے کے وقفے کے بعد اندر داخل ہو جاتے کیونکہ وقفے کے بعد داخلہ مفت ہو جاتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق شاہد خان نے سفید فام خاتون این (Ann)کے ساتھ شادی کر رکھی ہے جس کے ساتھ ان کی ملاقات 1977ءمیں ہوئی تھی اور اب وہ دو بچوں کے ماں باپ ہیں۔ شاہد خان کو امریکی شہریت 1991ءمیں ملی۔ اس وقت شاہد خان کے پاس ایک لگژری کشتی ہے جس کی مالیت 14کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 22ارب 35کروڑ روپے) ہے۔ اس کے علاوہ وہ تین نجی ہوائی جہازوں کے بھی مالک ہیں۔