آرمی چیف نے کوئٹہ میں وہ کام کر دیا جو احسن اقبال بہت زور لگا کر بھی نہ کر سکے
آرمی چیف سے ملاقات کے بعد ہزارہ برادری نے چار روز سے جاری دھرنا اور بھوک ہڑتال ختم کر دی۔ عمائدین نے ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ہزارہ برادری دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ پر چار روز سے سراپا احتجاج بنی رہی، آرمی چیف سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کوئٹہ پہنچے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہزارہ برادری کے عمائدین نے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عمائدین نے ہزارہ برداری کی ٹارگٹ کلنگ پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنادیں گے، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر اقدام کریں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو درست سمت میں آگے لے جانے میں ریاست کی مدد اور اعتماد کریں۔ وفاقی وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ اور وزیرداخلہ بلوچستان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ہزارہ کمیونٹی نے آرمی چیف کی دشمن کو شکست دینے کے عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات کے بعد ہزارہ برادری نے دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، وزیر داخلہ احسن اقبال، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور آئی جی نے ایڈووکیٹ جلیلہ حیدر کی بھوک ہڑتال ختم کرائی۔
اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں خلاف ہر ممکن کارروائی کریں گے۔ ہزارہ برادری کامطالبہ ہے کہ حکومت کوئٹہ میں امن کی بحالی کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے بے نقاب کرے۔