”ہم اس طریقے سے ڈالر اکٹھے کریں گے“ اسد عمر نے ایسا اعلان کر دیا کہ ہر پاکستانی خوش ہو جائے گا
پاکستان کی معاشی صورتحال بہت دگرگوں ہے جو تحریک انصاف کی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔ تاہم اب آئندہ حکومت کے متوقع وزیرخزانہ اسد عمر نے معاشی بحران سے نمٹنے اور ایسے طریقے سے ڈالراکٹھے کرنے کا اعلان کر دیا ہے کہ سن کر ہر پاکستانی خوش ہو جائے گا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق اسد عمر نے کہا ہے کہ ”ہماری حکومت ملک کو درپیش معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے
ڈالر ڈی نومینیٹڈ ڈایاسفوربانڈز (Dollar-denominated Diaspora Bonds)جاری کرے گی اور ان کے ذریعے دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے فنڈز اکٹھے کرے گی۔ اس کے علاوہ ہم سکوک بانڈز بھی جاری کریں گے۔
ملکی و غیرملکی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ”دیارغیر میں مقیم پاکستانیوں کی وطن سے جذباتی وابستگی بہت زیادہ ہے اور وہ ملک کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے لیے ڈایاسفورا اور سکوک بانڈز جاری کریں گے تاکہ یہ بانڈز خرید کر وہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ ان بانڈز پر ہم پاکستانیوں کو ریٹ آف ریٹرز پہلے سے زیادہ دیں گے اور دوسری طرف یہ احساس بھی ان کے لیے خوشی کا باعث ہو گا کہ وہ اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں مدد کر رہے ہیں۔“
اس سے قبل اسد عمر کہہ چکے تھے کہ وہ حکومت میں آ کر پاک چین اقتصادی راہداری کے تمام معاہدے عوام کے سامنے لائیں گے تاکہ ان میں کرپشن نہ ہو اور شفافیت برقرار رہے تاہم صحافیوں کے ساتھ اس گفتگو میں انہوں نے اس حوالے سے قدرے مختلف موقف اپناتے ہوئے کہا کہ ”ہم پاک چین اقتصادی راہداری کے صرف انہی معاہدوں کو منظرعام پر لائیں گے جن میں کرپشن کا عنصر شامل ہو گا۔ تاہم ہماری حکومت ان معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات نہیں کرے گی۔“