”اسد عمر کا استعفیٰ غیر ذمہ دارانہ فعل اوربزدلی کی عکاسی کرتا ہے“ اسحاق ڈار بھی میدان میں آگئے
سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے وزارت چھوڑنے کے اعلان کے بعد اسحاق ڈار نے ان کے اس اقدام کو غیر ذمہ دارانہ اور بزدلانہ قرار دے دیا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا وہ سمجھتے ہیں کہ اسد عمر کا استعفیٰ ایک غیر ذمہ دارانہ فعل اور بزدلی کی عکاسی کرتا ہے، 2014 سے آج تک انہوں نے قوم کو حقائق مسخ کرکے جو امید دلائی یہ مناسب نہیں کہ وہ اس طرح میدان چھوڑ کر چلے جائیں۔ ’ 8 مہینے ضائع کرنے کے بعد آئی ایم ایف کا معاہدہ فائنل سٹیج پر ہے، بجٹ میں بھی ایک مہینہ رہ گیا ہے، ایسے میں اسد عمر کومیدان نہیں چھوڑنا چاہیے تھا‘۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے پچھلے تین ہفتے کے دوران عمران نیازی کی حکومت کے جھوٹوں کی نشاندہی کی ، عوام کے معاشی مستقبل اور ترقی کی رفتار میں کمی کو میڈیا میں آکر اجاگر کیا اور بہتری کے مشورے بھی دیے، عوام کے اوپر مہنگائی سمیت دیگر بم گرانے کے بعد اسد عمر کا یہ قدم اٹھانا درست نہیں ہے۔ ’میری خواہش ہے کہ اسد عمر یا ان کے بعد آنے والے انتہائی ایمانداری کے ساتھ پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کریں‘۔
اسد عمر صاحب کے بطور وزیرِ خزانہ استعفے پر اسحاق ڈار صاحب کا اظہارِ خیال۔ pic.twitter.com/z0xE9n3jqz
— Ali Dar (@alimdar82) April 18, 2019