اسد عمر دوبارہ کابینہ میں شامل

وزیراعظم عمران خان نے اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا جب کہ ذرائع کے مطابق کابینہ میں شامل دیگر ارکان کے بھی قلم دان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں عمران خان نے اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا عندیہ دے دیا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں شامل دیگر ارکان کے بھی قلم دان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

اجلاس میں اسد عمر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم این ایز میں رہتا ہوں اس لئے مسائل کا علم ہے، جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسد آپ کے پاس ایم این ایز میں بیٹھنے کا زیادہ وقت نہیں میں چاہتا ہوں کہ اسد عمر دوبارہ وفاقی کابینہ میں شامل ہوں۔
یہ بھی پڑھیں :جن وزراء کی کارکردگی ٹھیک نہیں انہیں تبدیل کررہا ہوں، وزیراعظم

اجلاس کے بعد ایکسپریس نیوز نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر سے سوال کیا کہ کیا آپ وفاقی کابینہ میں واپس آرہے ہیں؟ جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ جانتا ہے، دیکھیں کیا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال 18 اپریل کو ملک کی معاشی حالت کے پیش نظر حکومت بالخصوص اسد عمر پر تنقید کی جارہی تھی، اس کے علاوہ اسد عمر کو کابینہ میں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، صورت حال اس حد تک جاپہنچی تھی کہ کابینہ میں رد و بدل کی خبریں منظر عام پر آگئی تھیں جس کے بعد وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.