اسد عمر کو شہبازشریف نے پنجاب میں کونسی کمپنی کا سربراہ بنایا تھا ؟ تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ گیا
احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کر دیاہے تاہم 56 کمپنیوں کے سکینڈل کے حوالے سے صحافی مرتضیٰ سولنگی نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیاہے کہ ان میں سے ایک کمپنی کے سربراہ کے طور پر اسد عمر بھی تعینات رہ چکے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مرتضیٰ سولنگی نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” شہبازشریف کی 56 کمپنیوں میں سے ایک کمپنی پنجاب ڈولپمنٹ فنڈ بھی ہے جس کا بجٹ تقریبا 8 بلین روپے تھا ،اسد عمر پی ٹی آئی میں شمولیت سے قبل اس کی 2010 سے 2012 تک سربراہی بھی کر چکے ہیں ۔امید ہے کہ ’کرپٹ ‘ شہبازشریف کے ماتحت کام کرنے والے اسد عمرکسی قسم کی کرپشن میں ملوث نہیں ہو ں گے ، کیا نیب نے اسد عمر سے اس حوالے سے تحقیقات کیں ؟ امید ہے سب حلال ہے ۔“
دوسری جانب گزشتہ روز شہبازشریف صاف پانی سکینڈل میں نیب پیشی کیلئے آئے تو افسران نے ان سے تفتیش نہیں کی بلکہ ان کے سامنے تین فائلیں رکھیں اور کہا کہ آپ کے خلاف ہمارے پا س آشیانہ کمپنی سکینڈل میں ثبوت موجود ہیں اس لیے آپ کو حراست میں لیا جارہاہے ۔تاہم آج انہیں نیب حکام کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں نیب نے شہبازشریف کے پندرہ روزہ ریمانڈ کی درخواست کی جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دس روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیاہے ۔