” نواز شریف سے محبت کرتا رہوں گا، مریم اورنگزیب جھوٹی عورت ہے جو۔۔۔ “ نواز شریف کے قریبی ساتھی عطاءالحق قاسمی کھل کر میدان میں آگئے

ممتاز دانشور اور کالم نگار عطاءالحق قاسمی نے سابق وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی موجودہ ترجمان مریم اورنگزیب پر تنقید کے نشتر چلادیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نواز شریف سے محبت کرتے رہیں گے ، مریم اورنگزیب جھوٹی عورت ہے جو کسی کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتی۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سابق چیئرمین پی ٹی وی عطاءالحق قاسمی نے پہلی بار پی ٹی وی کے کیس کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ سازشی ٹولے نے نواز شریف کو گھیر رکھا ہے کچھ لوگ نواز شریف کو پھنسانا چاہتے ہیں۔ میں نے چیئرمین پی ٹی وی کے عہدے سے استعفے میں بتایا کہ انہی لوگوں کی وجہ سے مستعفی ہورہا ہوں۔

انہوں نے ترجمان مسلم لیگ ن کے حوالے سے کافی سخت لب ولہجہ اختیار کیا اور کہا کہ مریم اورنگزیب نے جھوٹا کیس بنایا، مریم اورنگزیب جھوٹی ہے اور کسی سے مخلص نہیں ، اس نے اپنے لیے سچ بولنا ممنوع کرر کھا ہے۔ مریم اورنگزیب کو کسی صحافی کا پتا تھا اور نہ ہی میرا ، کچھ نہ ملا تو میرے خلاف پروگرام کے بجٹ کا کیس بنادیا ، پروگرام کے پرومو تک کا خرچہ میرے کھاتے میں ڈال دیا گیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے آنے والے فیصلے پر عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ فیصلے پر اپیل کروں گا، اگر مسترد ہوئی تو جیل جاﺅں گا۔ واپس دینے کو کچھ نہیں ، اگر ہوتا بھی تو ضمیر اجازت نہ دیتا۔ 76 سال کے شخص کو کسی نے جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دے ، مر بھی گیا تو میری کتابیں شہادت دیں گے۔

عطاءالحق قاسمی نے نواز شریف کے قریبی ساتھی پرویز رشید کی تعریف کی اور کہا پرویز رشید عظیم آدمی ہے ،پی ٹی وی کا چیئرمین بننے سے انکار کیا لیکن پرویز رشید کے کہنے پر حامی بھری۔ کچھ لوگ اس معاملے میں نواز شریف کی گردن پھنسانا چاہتے تھے لیکن پرویز رشید نے سارا ملبہ اپنے اوپر لے کر نواز شریف کو بچایا۔میاں صاحب سے پہلے بھی محبت کرتا تھا ، آج بھی محبت کرتا ہوں اور آئندہ بھی کروں گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عطاءالحق قاسمی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اتنے سادہ آدمی ہیں کہ انہیں گود میں لے کر پیار کرنے کو دل کرتا ہے ، لگتا ہے کہ انہیں سیاست آتی ہے نہ حکومت ۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.