”حکومتِ پاکستان کے استحکام کیلئے میں۔۔۔“ عاطف میاں نے سوشل میڈیا پر بڑا اعلان کر دیا
ماہر معاشیات عاطف میاں نے اقتصادی مشاورتی کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ہے جس کا اعلان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرتے ہوئے کہا کہ میری تعیناتی کے باعث حکومت کو شدید دباﺅ کا سامنا تھا جس کے باعث مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
عاطف میاں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ”حکومتِ پاکستان کے استحکام کیلئے میں نے اقتصادی مشاورتی کونسل سے استعفیٰ دیدیا ہے کیونکہ حکومت کو میری تعیناتی کے باعث علماءاور ان کے حامیوں کی جانب سے دباﺅ کا سامنا تھا۔“
اگلی ٹویٹ میں انہوں نے کہا ” اس سب کے باوجود، میں ہمیشہ پاکستان کی خدمت کیلئے تیار رہوں گا کیونکہ میں اس ملک میں پلا بڑھا اور مجھے اس سے پیار ہے جو میرے لئے بہت اہم ہے۔ اپنے ملک کی خدمت کرنا میرے ایمان کا فطری حصہ ہے اور ملک کی خدمت کرنا ہمیشہ دلی خواہش رہے گی۔“
تیسری ٹویٹ میں عاطف میاں نے لکھا ”اب آگے بڑھتے ہیں، میں امید کرتا ہوں اور میری دعا ہے کہ اقتصادی مشاورتی کونسل کو جو مینڈیٹ ملا ہے وہ اس پر بہترین طریقے سے پوری اترے تاکہ پاکستانی لوگ اور قوم خوشحال ہوں اور آگے بڑھ سکیں۔“
آخری ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ”میری دعائیں ہمیشہ پاکستان کیساتھ ہیں اور میرے ملک کو میری کسی بھی طرح کی مدد کی ضرورت پڑی تو میں ہمیشہ تیار رہوں گا۔“