مردوں کی نسبت لڑکیوں کے ہاتھ ہر وقت ٹھنڈے کیوں رہتے ہیں؟
یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ سردیوں میں خواتین کے ہاتھ مردوں کی نسبت زیادہ ٹھنڈے رہتے ہیں لیکن کوئی اس کی وجہ نہیں جانتا تھا۔ اب کیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے جدید تحقیق میں اس کی ایسی وجہ بتا دی ہے کہ سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ”خواتین اور بچوں کے مسلز چونکہ مردوں جتنے موٹے اور مضبوط نہیں ہوتے اس لیے ان کا جسم زیادہ ٹھنڈا رہتا ہے۔ ہاتھ چونکہ لباس سے باہر ہوتے ہیں اور ان کی سطح کا احاطہ بھی بہت زیادہ ہوتا ہے اس لیے پورے جسم میں وہ سب سے زیادہ ٹھنڈے رہتے ہیں۔“
ڈیلی بائیٹس /برطانیہ رپورٹ کے مطابق ماہرین نے اس تحقیق میں 200کے لگ بھگ رضاکار مردوخواتین کو تین منٹ تک یخ بستہ پانی میں ہاتھ رکھنے کو کہا اور پھر ان کے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرکے نتائج مرتب کیے۔ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ سٹیفنی پائن کا کہنا تھا کہ ”ان لوگوں میں سے جن کے مسلز جتنے زیادہ موٹے اور مضبوط تھے ان کے ہاتھ دوبارہ اتنی ہی جلدی گرم ہو گئے۔ بچوں اور خواتین کے پٹھے چونکہ اتنے موٹے نہیں ہوتے ، اس لیے ان کے ہاتھ زیادہ ٹھنڈے رہتے ہیں اور انہیں گرم ہونے میں بھی زیادہ وقت لگتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پٹھے وہ حرارت پیدا کرتے ہیں جو جسم کو گرم رکھنے کا کام کرتی ہے۔ یہ حرارت خواتین اور بچوں میں کم پیدا ہوتی ہے۔“