آسٹریلیا کا سب سےاونچا انوکھا بیل، تعلق کس نسل سے؟؟؟ فروخت کرنا ہوا مشکل
آسٹریلیا میں ایک ایسا انوکھا بیل موجود ہے جس کا وزن 1400 کلو گرام اور اونچائی 6 فٹ ہے جسے آسٹریلیا کا سب سے بڑا بیل قرار دیا جارہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ منفرد بیل عام جانوروں کے مقابلے میں نہ صرف وزن میں زیادہ ہے بلکہ اپنی اونچائی کی وجہ سے منفرد نظر آتا ہے، 1400 کلو گرام وزنی اور 6 فٹ بلند بیل کا نام ’نکرز‘ ہے جسے آسٹریلیا کا سب سے بڑا بیل مانا جارہا ہے۔
بیل کے مالک جیف پیئرسن نے گزشتہ ماہ اس کی نیلامی کی کوشش بھی کی تھی تاہم گوشت فروشوں نے اسے خریدنے سے انکار کردیا تھا ان کا کہنا تھا کہ یہ بیل اپنے وزن اور اونچائی کے باعث بہت طاقتور ہے اور وہ اسے قابو نہیں کرسکتے۔
گوشت فروشوں کے انکار کے بعد اب یہ بیل پرتھ سے 136 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر میالپ میں واقع مویشیوں کے باڑے میں رہتا ہے جہاں وہ دیگر مویشیوں کے ساتھ چارہ کھاتے ہوئے اوپر سے جھانکتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
نکرز ’ہولسٹین فریژن‘ نسل کا بیل ہے لیکن یہ اپنی ہی نسل کے عام جانوروں سے بہت بڑا ہے۔ امریکا میں قائم ہولسٹین ایسوسی ایشن کے حکام کا کہنا ہے کہ اس نسل کے بیلوں کے پیداواری ریکارڈز کہتے ہیں کہ ایک اوسط ہولسٹین گائے کندھوں تک 4 فٹ 10 انچ اونچی ہوتی ہے اور اس کا وزن 1500 پاؤنڈ ہوتا ہے۔
ہولسٹین ایسوسی ایشن کے مطابق بیل عام طور پر 15 ماہ کی عمر میں ذبح کیے جاتے ہیں جب ان کا وزن 1300 سے 1400 پاؤنڈ کے درمیان ہوتا ہے، ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ اس نسل کے بیل 7 سال سے زیادہ عمر پائیں۔