”میں نواز شریف کو کباڑی کہتی ہوں کیونکہ ۔۔۔ “ سابق وزیر اعظم کو سزا ملنے پر عائشہ گلالئی نے حیران کن بیان جاری کردیا
تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور اس کے خاندان کو بہت ہی منصفانہ سزا دی گئی ہے۔ نواز شریف ایک کباڑی ہے جس نے پورے ملک سے سکریپ اکٹھا کرکے اتفاق فاؤنڈری کو ترقی دی ، ان کی دنیا بھر میں موجود جائیدادیں ضبط کرکے قومی خزانے میں جمع کرائی جائیں۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا ملنے کے فیصلے پر عائشہ گلالئی نے اپنا رد عمل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف
اور اس کے خاندان کو انتہائی منصفانہ سزا دے کر آخر کار پاکستانی قوم کی تکلیفوں کا مداوا کیا گیا کیونکہ پاکستان کی موت کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔ پاکستانی قوم کی تکلیفوں اور مصیبتوں کے ذمہ داروں کو سزا دی
گئی جس پر وہ نیب کورٹ اور سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ وہ نواز شریف کو کباڑی کہتی ہیں کیونکہ اس شخص نے
ریلوے لائنوں سمیت پورے ملک کا سکریپ اٹھایا اور اس کو اتفاق فاؤنڈری کی بھٹیوں میں ڈالا جس سے ان کا کاروباراتنا پھیل گیا ۔ نواز شریف واحد کباڑی ہے جو ارب پتی ہے حالانکہ باقی کباڑیوں کو تو دو وقت کی روٹی بھی مشکل سے ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے ساتھ ہونے والے تمام ظلم کا حساب کسی حد تک ہوگیا ہے، باقی جواب یہ قوم 25 جولائی کو دے گی اور اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا حساب لے گی ۔ ’ایسے لوگوں کو کبھی بھی ووٹ نہ دیں کیونکہ اگر اس کے بعد پھر ظلم ہوا تو اس کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے‘۔