برطانیہ میں مقیم پاکستانی نے ملک میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا
برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے ملک میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان ٹوڈے کے مطابق یہ خوشخبری یو کے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر امجد خان نے سنائی ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ”برطانیہ میں مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 20کروڑ پاﺅنڈ (تقریباً 36ارب 80کروڑ روپے)کی سرمایہ کاری کے ایک معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ یہ سرمایہ کاری پاکستان میں مختلف شعبوں میں کی جائے گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران امجد خان کا کہنا تھا کہ ”یوکے پاکستان چیمبر کا وفد پاکستان میں سیاحت، رئیل سٹیٹ، ہاسپٹیلٹی انڈسٹری، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کے ساتھ یہاں آیا ہے۔ وفد کے اراکین اب تک 20کروڑ پاﺅنڈ کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں اور ابھی سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کر رہے ہیں۔“اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر افتخار انور سیٹھی کا کہنا تھا کہ ”پاکستان اور برطانیہ میں اتنا استعداد ہے کہ وہ کئی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ دونوں چیمبرز دونوں ملکوں میں باہمی تجارت اور معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔“