باسکٹ بال کے مرد کھلاڑی پر ’حاملہ‘ ہونے پر دو سالہ پابندی لگا دی گئی
نیویارک: باسکٹ بال کے ایک مشہور امریکی کھلاڑی ڈونلڈ ڈی جے کوپر کے ڈوپ ٹیسٹ میں ’حاملہ‘ پائے جانے پر باسکٹ بال کی عالمی تنظیم ’’فیبا‘‘ نے اس پر دو سال کی پابندی لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ایک حالیہ بین الاقوامی میچ کے بعد ڈوپ ٹیسٹ کےلیے 28 سالہ امریکی باسکٹ بال پلیئر، ڈونلڈ کوپر نے اپنے پیشاب کے نمونے جمع کروائے تھے۔ جب لیبارٹری میں ان نمونوں کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان میں ایک ایسی پروٹین وافر مقدار میں موجود تھی جو صرف حاملہ خواتین ہی کے پیشاب میں پائی جاتی ہے۔ اس انکشاف کے بعد ’’فیبا‘‘ کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈونلڈ کوپر نے ڈوپ ٹیسٹ کےلیے اپنے پیشاب کی جگہ کسی خاتون کا پیشاب جمع کروادیا تھا، جس کے حاملہ ہونے کے بارے میں خود انہیں معلوم نہیں تھا۔
ڈوپ ٹیسٹ میں اس دھوکا دہی پر ڈونلڈ کوپر کو ’’فیبا‘‘ عہدیداروں نے سزا دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ دو سال تک کسی بھی سطح پر باسکٹ بال میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے ڈونلڈ کوپر نے ڈوپ ٹیسٹ کےلیے اپنی گرل فرینڈ کے پیشاب کے نمونے جمع کروائے تھے جس کے حاملہ ہونے کے بارے میں ان دونوں کو کچھ معلوم نہیں تھا۔