گیسٹ ہاؤس میں چھاپہ اور اداکارہ میرا ا و ر بیگم علی نوازش کی گرفتاری ۔۔۔۔۔۔ اصل کہانی سامنے آگئی
ٹیلی ویژن کے بیگم علی نوازش فیم اداکار علی سلیم نے کہا ہے کہ گزشتہ شب میں کلفٹن میں واقع ریسٹ ہائوس میں ڈیڑھ بجے شب کمرے میں سو رہا تھا کہ اچانک سادہ کپڑوں میں4افراد میرے کمرے میں داخل ہو گئے اور مار پیٹ شروع کر دی۔
میں نے ان سے ان کی شناخت کے لئے کہا تو انہوں نے کہا تم کون ہوتے ہو ہماری شناخت جاننے والے، ہاتھا پائی میں میرے کپڑے پھٹ گئے، ان کے پاس سرچ وارنٹ بھی نہیں تھے۔ میں نے بچائو بچائو کا شور مچایا تو ساتھ کے کمروں میں مقیم ہماری فلم پروڈکشن کے ساتھی فنکار جن میں اداکارہ میرا بھی تھیں، کمروں سے نکل آئے اور انہوں نے معلومات حاصل کرنا چاہی مگر ان افراد نے کسی کی نہ
سنی، مجھے گھسیٹتے ہوئے لے گئے اور کلفٹن تھانے میں میرے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی جس میں میرے کمرے سے شراب کی دو آدھی آدھی بوتلوں کی برآمدگی دکھائی گئی جس کی وجہ سے مجھے صبح عدالت میں پیش کیا گیا جہاں مجھے ضمانت پر رہائی ملی۔ علی سلیم نے جنگ سے گفتگو میں چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ میں بے گناہ ہوں، مجھے انصاف مہیا کیا جائے، میں اس ملک کا فنکار ہوں، اس طرح ہماری کردار کشی سے شدید دلی صدمہ ہوا ہے، اس ریسٹ ہائوس میں6کمرے ہماری پروڈکشن نے کرائے پر
حاصل کر رکھے ہیں جس میں اداکارہ میرا بھی ایک کمرے میں مقیم ہیں، دوسرے کمرے میں ایک اور ساتھی فنکارہ اپنے دو بچوں اور شوہر کے ہمراہ مقیم ہیں، سادے کپڑوں میں ملبوس افراد کی اس بہیمانہ حرکت پر سب خوفزدہ ہو گئے۔ اداکارہ میرا نے جنگ کو بتایا کہ میں اپنے کمرے میں سو رہی تھی کہ اچانک بچائو بچائو کا شور بلند ہوا، میں نے کمرہ کھولا تو علی سلیم کو کچھ افراد نے دبوچا
ہوا تھا اور ان کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔ میرا نے کہا فنکار اس ملک کی پہچان ہیں، جہاں بھی فنکاروں کے ساتھ زیادتی ہو گی میں ان کے ساتھ ہوں، علی سلیم کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے میں بحیثیت ساتھی فنکارہ علی سلیم کے ساتھ ہوں، میری تمام فنکاروں سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس واقعے کی مذمت کریں اور علی سلیم کا ساتھ دیں۔(ع،ع)