کنواری بیٹی سے شادی کے بدلے 4 کروڑ روپے، دنیا بھر کے مردوں کو پیشکش کرنے والے باپ نے مقابلہ ہی منسوخ کردیا
چند روز قبل تھائی لینڈ کے ایک شخص نے اپنی بیٹی کی شادی کا اشتہار دیا تھا جس میں اس نے اپنے متوقع داماد کو 2لاکھ 40ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 4کروڑ روپے)اورا پنے فارم ہاﺅس میں سے حصہ دینے کا اعلان کیا تھا۔تاہم اس داماد کا انتخاب امیدواروں کے مابین ایک مقابلے میں کیا جانا تھا۔ اب اس شخص نے اس مقابلے کی منسوخی کا اعلان کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اس ارب پتی شخص کا نام انونت روتھونگ تھا، جس کا کہنا ہے کہ چند دن میں ہی اس کی بیٹی سے شادی کے اتنے زیادہ خواہش مندسامنے آ گئے ہیں کہ اب وہ مقابلہ منعقد نہیں کرنا چاہتا۔
58سالہ روتھونگ کا کہنا ہے کہ ”اب تک 10ہزار سے زائد مرد مجھ سے رابطہ کر چکے ہیں، جو میری 26سالہ بیٹی سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے اپنے متوقع داماد کے لیے شہریت اور تعلیم کی کوئی شرط نہیں رکھی تھی چنانچہ مجھے کئی ممالک سے لوگوں نے رابطہ کیا۔ میں چاہتا تھا کہ اپنے فروٹ فارم پر ان لوگوں کے درمیان ایک مقابلہ کرواﺅں، جس میں ان سے مختلف کام کروائے جائیں اور ان میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب کیا جائے، لیکن اس اعلان کے بعد سے میرا فون مسلسل بج رہا ہے اور میں نے تنگ آ کر اسے گھر میں ایک دیوار کے ساتھ لٹکا دیا ہے۔ اب میں لوگوں سے درخواست کر رہا ہوں کہ پیغامات مت بھیجیں اور مجھے کچھ آرام کرنے دیں۔ میں یہ مقابلہ ہی نہیں کروانا چاہتا۔“