ماموں نے بیٹوں کے ساتھ مل کر بھانجیوں پر تیزاب پھینک دیا
ڈنگہ میں بس کے انتظار میں کھڑی تین طالبات پر موٹر سائیکل سواروں نے تیزاب پھینک دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یونیورسٹی آف گجرات کی تین طالبات بس کے انتظار میں کھڑی تھیں کہ دو طالبات آسیہ اور سائرہ دراز کے اپنے ہی ماموں عبدالقدیر نے بیٹوں کے ساتھ مل کر ان پر تیزاب پھینک دیااور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے ایک ملزم حسام اویس کو گرفتار کرلیا جب کہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تینوں طالبات کو عزیز بھٹی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دو طالبات کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ تیزاب گردی کا شکار ہونےوالی طالبات میں دو بہنیں شامل ہیں۔
گجرات پولیس کا کہنا ہے کہ تیزاب پھینکنے والے تینوں افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے، تیزاب گردی کا شکار ہونے والی تینوں طالبات کی شناخت سائرہ عمر دراز، آسیہ عمردراز اور ہمایونس کے نام سے ہوئی ہے تینوں ایم ایس سی کی طالبات ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے طالبات پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کا نوٹس لیتےہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے اور کہا ہے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی کی جائے، اس کے علاوہ وزیر اعلی نے متاثرہ طالبات کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے بھی تیزاب گردی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئےڈی پی او گجرات سے 24 گھنٹوں کے اندر واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔