’میرے گھر کے9 ووٹ ہیں لیکن مجھے 5 ہی ملے ہیں، آگے سے میں نے الیکشن ہی نہیں لڑنا‘ بھارت میں آزادامیدوار نے روتے ہوئے ایسی دکھ بھری کہانی سنادی کہ آپ کو بھی ہنسی آجائے
بھارت کے لوک سبھا الیکشن میں حصہ لینے والے ایک آزاد امیدوار کو گھر کے ووٹ بھی پورے نہیں پڑے جس کے باعث اس نے دلبرداشتہ ہو کر آئندہ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا۔
بھارت کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہوچکی ہے جبکہ کانگریس اتحاد کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایسے میں ایک امیدوار ایسا بھی ہے جس کے ساتھ مبینہ طور پر تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی ہے۔ دنیا کے اس معصوم و مظلوم ترین انسان کا نام نیتو شٹراں والا ہے جس نے بھارتی پنجاب کے شہر جالندھر کی نشست سے بطور آزاد امیدوار حصہ لیا اور صرف 5 ووٹ ہی حاصل کرسکا۔ جالندھر کی مذکورہ نشست سے کامیابی کانگریس کے امیدوار سنتوکھ چوہدری کے حصے میں آئی ہے تاہم نیتو شٹراں والا اپنی ضمانت ضبط کرابیٹھا۔
پنجابی زبان کے ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نیتو شٹراں والا اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا ۔ آزاد امیدوار نے بتایا کہ اس کے گھر کے 9 ووٹ ہیں لیکن اسے صرف 5 ووٹ ہی ملے ہیں جو بے ایمانی ہے۔ ’مشینوں میں بے ایمانی ہوئی ہے، محلے والوں نے قسم کھائی ہے کہ انہوں نے مجھے ووٹ ڈالا ہے، آگے سے میں نے الیکشن ہی نہیں لڑنا ، اگر ایسے ہی ہونا ہے تو پھر کیا فائدہ الیکشن لڑنے کا ، میں نے بڑی مجبوری کے ساتھ الیکشن لڑا تھا لیکن ایسے ہوگا تو میں نے الیکشن ہی نہیں لڑنا، میرے حساب میں جو ووٹ ڈالنے جاتے ہیں وہ بھی چور ہی ہیں‘۔
نیتو ٹرکاں والا کے انٹرویو کی ویڈیو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان کے سوشل میڈیا پر بھی تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے اور لوگ اسے مایوس لوگوں کو حوصلہ دینے کی نیت سے شیئر کر رہے ہیں۔یہ ویڈیو شیئر کرنے والے صارفین کا کہنا ہے اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کی زندگی خراب ہوئی پڑی ہے تو اس ویڈیو کو دیکھ کر آپ کو حوصلہ ملے گا۔