بھارت میں گورے ٹکٹ لے کر شادیوں میں جانے لگے ۔۔۔ لیکن ایسا کیوں؟ عجیب و غریب وجہ جانئے

خوبصورت مقامات کی سیرو سیاحت کے لئے تو لوگ دنیا بھر میں جاتے ہی ہیں لیکن بھارت میں ایک نئی قسم کی سیاحت شروع ہو گئی ہے۔ بیرون ملک سے آنے والے سیاح پیسے دے کر بھارتی شادیوں میں مہمان بننے لگے ہیں، کیونکہ اُن کے لئے یہ شادیاں بھی کسی شاندار تفریح سے کم نہیں ہیں۔ اب تو یہ ایک کاروبار بن گیا ہے، یعنی لوگ اپنی شادی پر سیاحوں کو مدعو کرتے ہیں اور اُن سے اچھی خاصی رقم کما لیتے ہیں۔

نیوز ویب سائٹ ’سی این بی سی‘ سے ایک ایسی ہی دلہن نے بات چیت کی جس کی شادی میں بیرون ملک سے آنے والے سیاح بھی بطور مہمان شریک ہوئے۔یہ سورابی چوہان ہیں جن کی شادی میں شامل ہونے والے مہمانوں میں دو افراد ایسے تھے جن سے زندگی میں پہلے ان کی کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی، یعنی کارلی سٹیونز اور ٹم گوور۔ یہ آسٹریلوی ٹریول بلاگر ہیں جنہوں نے اس شادی میں شرکت کیلئے 200 ڈالر ادا کیے تھے۔ آسٹریلوی جوڑے نے اس شادی میں شرکت کیلئے ’جوائن مائے ویڈنگ‘ نامی آن لائن کمپنی کے ذریعے بکنگ کروائی تھی۔

سورابی نے بتایا کہ یہ آئیڈیا بہت سادہ ہے۔ بھارت کی روایتی شادیاں مغربی ممالک کے سیاحوں کیلئے ایک دلچسپ ثقافتی تقریب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ وہ بھارت کی سیر کو آتے ہیں تو ان شادیوں میں شرکت کرنا ان کیلئے بہت لطف اور معلومات کا ذریعہ بنتا ہے ۔ اس لیے اب ایسی آن لائن کمپنیاں شروع ہو گئی ہیں جن کے ذریعے غیر ملکی سیاح بھارتی شادیوں میں شمولیت کیلئے بکنگ کر وا سکتے ہیں۔ آپ اسے سیاحت کے شعبے میں نیا اضافہ قرار دے سکتے ہیں جسے ’’شادی سیاحت‘‘ بھی کہا جاسکتا ہے۔

’’جوائن مائی ویڈنگ‘‘ بھی ایک ایسی ہی ویب سائٹ ہے جس پر بہت سے بھارتی جوڑے اپنی شادی کے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہیں اور بین الاقوامی سیاح ان شادیوں میں شرکت کیلئے ٹکٹ خریدتے ہیں۔ سیاحت کی اس نئی قسم کو فروغ دینے والے کہتے ہیں کہ شادی سے زیادہ بہتر ثقافتی تجربہ کیا ہوسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سیاحوں کی بڑی تعداد روایتی بھارتی شادیوں میں اتنی دلچسپی لے رہی ہے کہ ان میں شمولیت کیلئے باقاعدہ ٹکٹ خریدے جاتے ہیں۔ ان شادیوں کے ذریعے انہیں مقامی لوگوں سے ملنے کا موقع ملتا ہے ، وہ مقامی کھانوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں، ملبوسات اور رسم و رواج کے بارے میں انہیں معلومات حاصل ہوتی ہیں، جبکہ مقامی موسیقی سے بھی واقف ہونے کا موقع ملتا ہے۔ اب بھلا ایک ٹکٹ میں اتنے مزے اور کس طرح آ سکتے ہیں؟

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.