بھارتی فضائیہ کی جارحیت کی وجہ کیا ہو سکتی ہے اور بھارتی دعوے جھوٹے کیوں نظر آ رہے ہیں؟ حامد میر نے بھی ’ائیر سٹرائیک‘ کر دیا

سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ بھارتی فضائیہ کی جارحیت سے متعلق جتنی بھی حقائق پر مبنی اطلاعات ہیں وہ پاکستان کی جانب سے دی جا رہی ہیں اور بھارت کی جانب سے کوئی آفیشل ردعمل سامنے نہیں آیا البتہ بھارتی میڈیا پر بہت بڑے بڑے دعوے کئے جا رہے ہیں، پاکستان نے بھارت کا حملہ ناصرف ناکام بنایا بلکہ پوری دنیا کو بروقت اس کے بارے میں اطلاع بھی دی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے کچھ حقائق سامنے رکھنے چاہئیں اور ہمارے پاس جتنی بھی اطلاعات ہیں وہ پاکستان کی جانب سے ہی ملی ہیں۔ ابھی معلوم ہوا ہے کہ تھوڑی دیر میں ہندوستان کی طرف سے آفیشل ردعمل سامنے آئے گا البتہ بھارتی میڈیا میں جو رپورٹ سامنے آئی ہیں، اس کے مطابق صبح ساڑھے تین بجے 12 میراج طیارے بالاکوٹ، چکوٹی،اور مظفر آباد کے علاقوں میں تین سے چار کلومیٹر تک اندر آئے، اور بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے جیش محمد کا کنٹرول روم تباہ کر دیا، ہو سکتا ہے کہ آفیشل ردعمل میں بھی شائد یہی دعویٰ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جو تصاویر جاری کی گئی ہیں ان کے مطابق بارودی مواد جن علاقوں میں پھینکا گیا اس سے پاکستانی حدود کے اندر کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا اور لگ رہا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد مودی نے جو جنگی جنون پھیلایا تھا اس کی وجہ سے عوام کیساتھ بہت زیادہ توقعات تھیں اور اپوزیشن کے کچھ رہنماءبھی سوال اٹھا رہے تھے کہ یہ بھارتی انٹیلی جنس اور سیکیورٹی کی ناکامی ہے اور اس سے انہیں سیاسی نقصان ہو رہا ہے جس سے بچنے کیلئے بھارتی فضائیہ نے جارحیت کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کی جارحیت میں ان کی ناکامی ہے کہ پاکستان نے یہ خبر پوری دنیا کو دی ہے اور ہندوستان کی جارحیت کے بارے میں بتایا کہ بھارت کی طرف سے کوشش کی گئی مگر پاکستان ائیرفورس نے انہیں بھگا دیا جس کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹویٹ کی گئی اور پھر تصاویر بھی جاری کر دی گئیں، اب سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ اگر ہندوستان نے حملہ کیا ہے اور بالاکوٹ کے کسی علاقے کو ٹارگٹ کیا ہے تو پھر ساری خبریں پاکستان سے کیوں آ رہی ہیں، ہندوستان سے کیوں نہیں کوئی خبر آ رہی۔

حامد میر نے کہا کہ ہندوستان کا آفیشل ردعمل دیکھیں گے کہ وہ بھی بہت بڑے بڑے دعوے کر سکتے ہیں لیکن اصل میں پاکستان نے ناصرف ان کا حملہ ناکام بنایا بلکہ آئی ایس پی آر نے صبح ہی صبح تمام تفصیلات دنیا کو بھی بتا دیں جبکہ ہندوستان کا ردعمل سات سے آٹھ گھنٹے لیٹ ہے جبکہ پاکستان نے حملہ ناکام بنانے کے بعد حملے کی خبر بھی پھیلا دی گئی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.