پاکستان میں پکڑا جانے والا بھارتی پائلٹ اعلیٰ بھارتی شخصیت کا بیٹا نکلا
پاکستان نے بھارت کے دو طیارے گرا کر تباہ کر دیئے ہیں اور دو پائلٹس کو گرفتار کر لیا ہے جس کی تصدیق بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے تاہم اب گرفتار ہونے والے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے بارے میں تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق پاکستان میں گرفتار ہونے والا بھارتی پائلٹ سابق بھارتی ایئر مارشل ” ایس ورتھامن “ کا بیٹا ہے ۔دو سری جانب نجی ویب سائٹ نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستانی میڈیا پر بھارتی پائلٹ ابھے نندن کی تصاویر اور وڈیو آنے کے بعد پائلٹ کی شناخت ان کے بھارتی فضائیہ کے دوستوں نے کی، ان کے مطابق گرفتار پائلٹ سابق بھارتی ائیر مارشل ایس ورتھامن کا بیٹا ہے۔وہ مگ 21 طیارے کے پائلٹ ہیں ۔
پاک فوج نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ فوج نے انڈیا کے دو طیارے مار گرانے کے بعد پائلٹ گرفتار کرلیے ہیں لیکن خطے میں امن چاہتے ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بدھ کی علی الصبح سے ہی لائن آف کنٹرول پر پاک فوج اور بھارتی فوج کی کشیدگی اور سرگرمی چل رہی تھی ، تاہم جب چھ مختلف مقامات سے انڈین جنگی طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تو پاکستان نے انہیں چھ جگہ پر لاک کیا ، پاکستانی پائلٹوں کی فوری کارروائی سے دو انڈین جنگی طیارے مار گرائے گئے۔