’ہمیں چاہے اچھا نہ لگے لیکن اخلاقی طور پر عمران خان کی فتح ہوئی ہے‘ سینئر بھارتی صحافی کپتان کی تعریف پر مجبور ہوگیا
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ کی رہائی کے اعلان نے بھارتیوں کو بھی پاکستانی لیڈر شپ کی تعریف کرنے پر مجبور کردیا ہے۔
بھارت کے سینئر صحافی و اینکر پرسن راجدیپ سردسائی نے اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان کو موجودہ صورتحال کا فاتح قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ چاہے ہم بھارتیوں کو یہ اچھا نہ بھی لگے لیکن سیاسی نقطہ نگاہ سے عمران نے بلند اخلاقی معیار کا مظاہرہ کرکے فتح حاصل کرلی ہے‘۔
راجدیپ سردسائی نے بھارتی سیاستدانوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ اس وقت بھارت کے بہت سے لیڈرز اپنے ووٹوں کی گنتی میں مصروف ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اظہار خیال کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی دنیا بھر میں پذیرائی کی جارہی ہے۔ عمران خان کے اس فیصلے کی پذیرائی کا اندازہ راجدیپ سردسائی کے ٹویٹ سے بھی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ یہ وہی راجدیپ سردسائی ہیں جنہوں نے گزشتہ دنوں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا انٹرویو کیا تھا جس میں پورا زور لگایا کہ کسی طرح سعودی وزیر خارجہ پلوامہ حملے پر پاکستان کی مذمت کردیں ۔