ملک میں گیس اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا، اسد عمر نے مہنگائی سے ستائ عوام کو دھچکا دے دیا
وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 4ماہ سے آئی ایم ایف کیساتھ جاری مذاکرات میں پاکستان کا موقف تبدیل نہیں ہوا بلکہ آئی ایم ایف نے اپنے موقف پر نظرثانی کی اور ہمارے درمیان خلا کم ہوا یہی وجہ ہے کہ اب عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان کو بیل آٹ پیکیج ملنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
اسلام اباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گیس اور بجلی کی قیمتوں میں مرحلہ وار اضافہ کیا جائے گا لیکن اس مد میں دی جانے والی سبسڈی یک دم ختم نہیں کریں گے ۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ آئی ایم ایف مشن چیف رامریز ریگو آج (منگل) کوپاکستان پہنچ رہے ہیں۔
اس بات کے امکانات ہیں کہ پاکستان اور آئی ایم ایف اپریل کے تیسرے ہفتے میں بیل اوٹ پیکیج پر دستخط کر دیں جب آئی ایم ایف کا اسٹاف لیول مشن ملکی معیشت کا جائزہ لینے پاکستان پہنچے گا۔
معاشی اصلاحات کے بارے میں انہوں نے واضح کیا کہ ایکسچینج ریٹ کنٹرول نہیں کریں گے بلکہ ایکسچینج ریٹ سے اقتصادی اعشاریے طے کریں گے۔ وزیر خزانہ نے روپے کی قدر میں مزید کمی کرنے کا بھی عندیہ دیا۔