بیوروکریٹ نے کویتی افسر کا پرس کیوں چوری کیا؟ فواد چوہدری نے ایسی وجہ بتا دی کہ صحافی بھی ہکا بکا رہ گئے
اقتصادی امور ڈویژن کے اجلاس میں شریک کویتی وفد کے سربراہ کا دینار سے بھرا پرس اور بریف کیس چوری ہوا تو کھلبلی مچ گئی اور جب یہ انکشاف ہوا کہ چوری میں ملوث شخص 20 ویں گریڈ کا افسر ہے تو پاکستانیوں کے سر شرم سے جھک گئے۔
پاکستانیوں کی جانب سے اس واقعے کی مذمت کی جارہی ہے تاہم جب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے اس چوری سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے ایسا جواب دیدیا کہ صحافی بھی ہکا بکا رہ گئے۔ صحافی کی جانب سے سوال پوچھے جانے پر فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تک زیادہ تر بیورو کریسی وہ ہے جس کی اخلاقی تربیت نواز شریف اور آصف علی زرداری نے کی ہے، جب ہماری بیورو کریسی آئے گی تو حالات مختلف ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اقتصادی امور ڈویژن کے اجلاس میں شریک کویتی وفد کے سربراہ کا دینار سے بھرا پرس اور بریف کیس چوری ہو گیا جس پر حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے پر 20 ویںگریڈ کے افسر ضرار حیدر چوری میں ملوث پائے گئے تھے۔