بشریٰ بی بی کی عدت کب ختم ہوئی اور عمران خان نے رشتہ کیسے بھیجا؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی بشریٰ بی بی سے شادی کی تصدیق اور تصاویر سامنے آنے پر شادی حقیقت تو سامنے آ چکی ہے مگر یہ معمہ اب بھی حل نہیں ہو سکا کہ بشریٰ بی بی کی عدت کب ختم ہوئی اور شادی واقعی گزشتہ روز ہوئی یا پھر یکم جنوری کو نکاح ہوا تھا۔
اس سارے معاملے پر بشریٰ بی بی کی سہیلی فرح خان میدان میں آ گئی ہیں جنہوں نے نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی عدت 14 فروری کو ختم ہوئی تھی جس کے بعد عمران خان کی جانب سے بشریٰ بی بی کی والدہ کو ملنے والی پیشکش قبول کی گئی اور پھر گزشتہ روز شادی ہو گئی۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ شادی تو اچھی بات ہے اور ان کا حق ہے جبکہ تقریب انتہائی سادگی سے ہوئی اور عمران خان نے بشریٰ بی بی کی والدہ کو باقاعدہ رشتہ بھیجا تھا جسے قبول کرنے کے بعد ہی یہ سب کچھ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا پر چلنے والی یہ بات غلط ہے کہ نکاح یکم جنوری کو ہوا تھا کیونکہ اس وقت تو بشریٰ بی بی کی عدت ہی ختم نہیں ہوئی تھی اور عدت کے دوران نکاح کیسے ممکن ہے؟ عمران خان نے بشریٰ بی بی کی والدہ کو پیشکش عدت کے دوران ہی کر دی تھی جسے قبول کیا گیا اور عدت ختم ہونے کے بعد گزشتہ روز شادی ہوئی۔