قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے والے چاچا کرکٹ کیلئے اعزاز

لاہور: کرکٹ کے دیوانے عبدالجلیل المعروف چاچا کرکٹ نے کرکٹ دیکھتے ہوئے اپنے 50 سال مکمل کر لیے۔ 69 سالہ صوفی جلیل عرف چاچا کرکٹ برطانیہ کے بارہویں دورے پر ہیں۔ انہوں نے ورلڈ کپ 1999 ، 2009 کے ٹی 20 ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی 2003 اور 2017 میں گراؤنڈ میں رہ کر اپنے جوشیلے انداز میں قومی ٹیم کا حوصلہ بڑھایا ۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مقابلے کے موقع پر چاچا کرکٹ نے بتایا کہ انہیں آج کرکٹ دیکھتے اور قومی ٹیم کو سپورٹ کرتے 50 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے آیا ہوں اور چیمپئن ٹرافی کی طرح ورلڈکپ بھی قومی ٹیم کے نام ہو گا۔

قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے یہ دن پاکستانی شائقین کے لیے اچھا ثابت نا ہو سکا لیکن اس کے باوجود ٹرینٹ بریج اسٹیڈیم میں چاچا کرکٹ کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی اور اپنے مخصوص انداز ’جیتے گا بھئی جیتے گا پاکستان جیتے گا‘ اور ‘زور سے بولو زور سے کھیلو’ کے نعروں سے ٹیم اور شائقین کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

چاچا کرکٹ نے اپنا پہلا میچ 1969 میں پاکستان اور انگلینڈ کا دیکھا تھا جب وہ صرف 19 سال کے تھے۔ اس کے بعد سے ہر میچ میں قومی لباس میں ملبوس چاچا کرکٹ کو دیکھا جانے لگا۔
ورلڈ کپ کے دوران چاچا کرکٹ کو گلوبل اسپورٹس فین ایوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔ انہیں یہ ایوارڈ 14 جون کو مانچسٹر میں دیا جائے گا۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.