چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے والے گروہ کے خلاف 36 گواہوں کے بیانات قلم بند
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال بلیک میلنگ اسکینڈل کیس میں بلیک میل کرنے والے گروہ کے خلاف 36 گواہان کے بیانات قلم بند کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کی عدالت نے چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے والے گروہ کے خلاف آرٹیکل 161 کے تحت 36 افراد کے بیانات قلم بند کر لیے ہیں۔
جاوید اقبال کو بلیک میل کرنے والے ملزمان طیبہ گل اور فاروق نول کے خلاف گواہوں کی فہرست اے آر وائی نیوز نے نشر کر دی۔
دستاویزات کے مطابق گواہان میں جوڈیشل مجسٹریٹ، پولیس افسران، سرکاری ملازمین اور بینکنگ ماہرین شامل ہیں، بہاؤ الدین زکریا یونی ورسٹی کے ملازمین اور سیکریٹری یو سی نے بھی گواہی دی۔
نیب عدالت میں پیش تمام گواہان نے نیب کے مؤقف کی تائید کی۔
خیال رہے کہ 25 مئی کو چیئرمین نیب کے خلاف آڈیو ویڈیو ریلیز کرنے والے ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر کیا گیا تھا، نیب عدالت نے دونوں ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے تھے۔
ملزمان طیبہ گل اور فاروق نول کے خلاف نیب کو 6 شکایتیں موصول ہوئیں تھیں، ملزمان نیب اور دیگر اداروں میں کام کرانے کے نام پر لوگوں کو لوٹتے تھے۔