چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ میں اب تک پاکستانیوں نے کتنی رقم جمع کرادی؟ جان کر آپ کو بھی اس قوم پر فخر ہوگا
چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈیم بنانے کے لیے عملی اقدامات بھی شروع کرادیئے، کالاباغ ڈیم پر عدم اتفاق کی وجہ سے چیف جسٹس نے دیامیربھاشا اور مہمند ڈیم بنانے کا حکم دیدیا اور اس ضمن میں مالی مشکلات سے نمٹنے کے لیے ایک فنڈ بھی تشکیل دیدیا جس میں ابتدائی طورپر خود انہوں نے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
چیف جسٹس کے اعلان کے بعد پاکستانیوں نے بھی دل کھول کر رقم دینے کا فیصلہ سنایا، پاک فوج سمیت مختلف اداروں کی جانب سے تنخواہوں میں سے حصہ دینے کے اعلان کے علاوہ آرمی چیف نے ایک ماہ کی مکمل تنخواہ، حمزہ علی عباسی نے تین لاکھ ، شاہد خان آفریدی نے پندرہ لاکھ اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی پندرہ لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مجموعی طورپر اب تک ڈیم فنڈ میں پاکستانیوں نے ساڑھے 9 کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کروادی ہے ۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر تازہ اعدادوشمار کے مطابق’نو کروڑ تریپن لاکھ اکیس ہزار ایک سو انیس ‘روپے جمع ہوچکے ہیں۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آبی ماہرین کے مطابق ڈیم بنانے کے لیے یہ رقم ناکافی ہے ، ایک ڈیم بنانے کے لیے کم از کم 20 ارب ڈالر کی رقم درکار ہوگی، اس کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور مخیر حضرات کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔