چیف جسٹس کا راﺅ انوار کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے راﺅ انوار کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار سخت سکیورٹی میں سپریم کورٹ میں پیش ہوئے اور کسی سے بات کیے بغیر سیدھے کمرہ عدالت نمبر ایک میں پہنچ گئے۔ راﺅ انوار کے پیش ہوتے ہی انہیں روسٹرم پر بلالیا گیا اور 2 سے تین منٹ کے مکالمے کے بعد ان کی گرفتاری کا حکم دے دیاگیا۔
چیف جسٹس نے راﺅ انوار کو مخاطب کرکے کہا آپ نے عدالت پر اعتماد کیوں نہیں کیا؟آپ اتنے دلیر ہیں، کہاں چھپے ہوئے تھے ، لوگوں کو گرفتار کرتے رہے اور خود چھپے رہے ۔راﺅ انوار نے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ وہ خود کو سرینڈر کر رہے ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ سرینڈر کرکے عدالت پر احسان نہیں کیا مفرور کے ساتھ عدالت کی کوئی ہمدردی نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے راﺅ انوار کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے پولیس کو ان کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔