چین نے 90 کروڑ روپے کی دنیا کی مہنگی ترین گاڑی کی کاپی بنا لی، اس چینی ماڈل کی قیمت کتنی ہے؟ جان کر آپ ابھی خریدنے کا فیصلہ کرلیں گے
چین میں بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنیوں کی ہر قسم کی مصنوعات کی نقل تیار کی جاتی ہے۔ ان میں کھلونوں سے لے کر الیکٹرونک اور میڈیکل مصنوعات تک شامل ہیں لیکن کسے معلوم تھا کہ ایک دن دنیا کی مہنگی ترین گاڑی کی سستی ترین نقل بھی چین میں دستیاب ہو گی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شان ڈونگ صوبے کی کمپنی ’شان ڈونگ کیلو فینگڈے‘ نے شہرہ آفاق گاڑی بوگاٹی کی ایسی نقل تیار کی ہے کہ جو دیکھے بس دیکھتا ہی رہ جائے۔ یہ 100 فیصد اصلی جیسی نظر آتی ہے۔ اصلی بوگاٹی شیرون 1500 ہارس پاور کی قیمت تقریباً 90 کروڑ روپے ہے لیکن اس کی چینی نقل صرف 5 لاکھ روپے میں دستیاب ہے۔ اگرچہ چینی گاڑی کا انجن اور دیگر پرزے اصلی بوگاٹی جیسے نہیں ہیں مگر اس کی شکل ضرور 100فیصد اصل بوگاٹی جیسی ہے۔
اصل بوگاٹی 430 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے مگر چینی بوگاٹی صرف 65 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔ رفتارکا یہ فرق بہت زیادہ ہے مگر قیمت کا فرق بھی تو اسی حساب سے ہے۔نقلی بوگاٹی میں 3.35 ہارس پاور کی الیکٹرک موٹر ہے جس کے ساتھ 72 وولٹ کی لیڈ ایسڈ بیٹری استعمال کی گئی ہے۔ برقی کرنٹ پر یہ گاڑی 150 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکتی ہے جس کے بعد دوبارہ چارجنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے 220 وولٹ پر چارج کرنے کے لئے تقریباً 10 گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔