چین نے پاکستان سے دوستی نہیں بلکہ اس وجہ سے مسعود اظہر کے خلاف قرار داد کو ویٹو کیا؟ حامد میر کا حیران کن دعویٰ
چین کی جانب سے چوتھی بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کی حمایت یافتہ فرانس کی قرارداد کو ویٹو کیا گیا ہے۔ اس قرار داد کے ذریعے بھارت کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کو عالمی دہشتگرد قرار دلوانا چاہتا ہے۔ سینئر صحافی حامد میر سمجھتے ہیں کہ چین نے یہ قرار داد پاکستان کی محبت میں نہیں بلکہ بھارت کی دشمنی میں ویٹو کی ہے۔
حامد میر نے ایک ٹویٹ میں مولانا مسعود اظہر کے خلاف قرار داد کو ویٹو کیے جانے کے معاملے کے بارے میں کہا کہ اس کے پیچھے ایک تکنیکی وجہ ہے۔
انہوں نے ایک علیحدہ ٹویٹ میں چین کے قرارداد کو ویٹو کرنے کے فیصلے کے بارے میں کہا’ مولانا مسعود اظہر کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین نے قرار داد کیوں روکی اس کو سمجھنا انتہائی سادہ ہے، قرار داد ویٹو ہونے کی وجہ یہ ہے کہ انڈیا گزشتہ کئی دہائیوں سے چین کے دشمن کو پناہ دیے ہوئے ہے جس کا نام دلائی لامہ ہے‘۔
حامد میر نے اس ٹویٹ کے ساتھ سڈنی مارننگ ہیرالڈ کی 3 اپریل 2008 کی ایک خبر کا بھی لنک شیئر کیا ہے ۔ اس خبر کے مطابق 2008 کی اولمپک گیمز سے قبل چین نے دلائی لامہ کو دہشتگرد قرار دیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ جلا وطن تبتی رہنما عالمی کھیلوں کے مقابلے دوران چین میں خود کش حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔