چین نے میزائل ٹریکنگ کا جدید ترین نظام پاکستان کو فروخت کر دیا
چین نے میزائل ٹریکنگ کا جدید ترین نظام پاکستان کو فروخت کیا ہے۔
روزنامہ نوائے وقت کے مطابق اس نظام کی بدولت پاکستان کو اپنے میزائلوں میں ”ایم آئی آر وی“ ٹیکنالوجی بروئے کار لانے میں مزید سہولت ہو گی۔ خیال رہے کہ ایک میزائل پر عموماً ایک ہی وار ہیڈ نصب ہوتا ہے تاہم ”ایم آئی آر وی“ ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک میزائل پر متعدد وار ہیڈز نصب کئے جا سکتے ہیں جو دشمن کے میزائل شکن نظام کو شکست دیتے ہوئے میزائل سے الگ ہو کر
آزادانہ طور پر اپنے اہداف کو نشانہ بناتے ہیں۔
معروف دفاعی جریدے ” جینز ڈیفنس ویکلی“ کے مطابق چین کی اکیڈمی آف سائنس نے اس نظام کی فروخت کا اعلان کرتے ہوئے کہا،پاکستان اس نظام سے بے حد مطمئن ہے۔ یہ نظام پاکستان کی ضروریات بدرجہ اتم پوری کریگا اور پاکستانی عملہ کو یہ نظام استعمال کرنے کی تربیت دے دی گئی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایم آئی آر وی سے لیس پاکستان کا پہلا بیلستک میزائل ”ابابیل“ ہے جس کا پاکستان نے گزشتہ برس کامیاب تجربہ کیا تھا۔ یہ میزائل اب بھی ترقی و توسیع کے مرحلہ سے گزر رہا ہے۔