چونیاں میں چار بچوں سے زیادتی و قتل کا ملزم گرفتار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے چونیاں میں چار بچوں کو زیادتی کرکے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا جس نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سی ایم ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے چونیاں میں بچوں سے زیادتی کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا ہے، ملزم کا ڈی این اے بچوں کے ڈی این اے سے میچ کرگیا۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق گرفتار ملزم کے حوالے سے آئی جی پنجاب نے انہیں بتایا کہ ملزم کا نام صہیب شہزاد ولد محمد اسلم ہے اور اس کی عمر تقریباً 27 سال ہے، ملزم چونیاں کے علاقے راناؤن کا رہائشی ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے درجنوں افراد کے ڈی این اے سیمپلز حاصل کیے گئے جس کے بعد ایک سیمپل ملزم سے میچ کرگیا جس بنا پر اسے گرفتار کیا گیا جبکہ کیس کی تفتیش کے دوران 1649 افراد کی جیو فینسنگ کی گئی۔
بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ یہ کیس پولیس کے ساتھ مل کر تمام حساس اداروں نے حل کیا، تمام بچوں کے خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا جب کہ چونیاں اور قصور کو سیف سٹی میں شامل کیا جارہا ہے، قصور میں بچوں کی حفاظت کے لیے چائلڈ پروٹیکشن سینٹر قائم کیا جائے گا۔