کرپشن کیس میں گرفتار اہم شخصیت کا نیب عدالت جاتے ہوئے راستے میں انتقال ، انتہائی افسوسناک خبرآگئی
کراچی فشرمین کوآپریٹیو سوسائٹی میں کرپشن کیس میں گرفتار سابق چیئرمین فشری نثارمورائی کا ایک ساتھی شاہد صدیقی سینٹرل جیل سے نیب عدالت لاتے ہوئے مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
کراچی فشرمین سوسائٹی کے فنانس مینیجر شاہد صدیقی کو گزشتہ دنوں کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ سینٹرل جیل میں قید تھے۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات ناصر آفتاب کے مطابق فشری ریفرنس کے تمام ملزمان کو احتساب عدالت میں پیشی کےلئے لایا جا رہا تھا کہ شاہد صدیقی کو ماڑی میں بیٹھے ہوئے دل کا دورہ پڑا۔
ڈی آئی جی جیل ناصر آفتاب کے مطابق شاہد صدیقی کو فوری طور پر جیل کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔جیل حکام کے مطابق اب ان کی میت مجسٹریٹ کی قانونی کارروائی کے بعد جناح ہسپتال منتقل کی جا رہی ہے۔ شاہد صدیقی اور دیگر کئی فشری ملازمین کو فشری کرپشن کیس میں سابق چیئرمین نثار مورائی کے سہولت کار کے طور پر گرفتار کیا گیا تھا۔
شاہد صدیقی بلدیہ ٹاو¿ن کے رہائشی تھے، جیل حکام کے مطابق گزشتہ روز انہیں دل کا عارضہ لاحق ہوا تھا اور انہیں جیل سے آغا خان ہسپتال لایا گیا۔ذرائع کے مطابق آغاخان اسپتال کی انتظامیہ نے انہیں علاج کی غرض سے ہسپتال میں داخل کرنا چاہا تھا مگر شاہد صدیقی نے مہنگے ہسپتال میں علاج کی طاقت نہ رکھنے کی بنا پر علاج سے معذرت کر لی تھی جس کے بعد انہیں کسی سرکاری ہسپتال لے جانے کی بجائے جیل منتقل کردیا گیا تھا۔