کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں ڈالرز کی برسات ہوگی
آئی سی سی ورلڈکپ 2019میں ڈالرز کی برسات ہوگی جب کہ مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم مختص کر دی گئی۔
انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ 2019میں مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم ہوگی، ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر حاصل ہوں گے، رنرز اپ کو 20 لاکھ ڈالر پانے کا موقع ملے گا، سیمی فائنل میں مات کھانے والی ہر ٹیم کو 8،8 لاکھ ڈالرز حاصل ہوں گے، لیگ مرحلے میں فتح پانے والی ٹیموں کو 40،40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ 2015میں بھی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالرز تھی لیکن اس وقت فاتح آسٹریلیا کو 37 لاکھ 50 ہزار جبکہ رنرز اپ ٹیم نیوزی لینڈ کو 17 لاکھ 50 ہزار ڈالرز حاصل ہوئے تھے،گذشتہ میگا ایونٹ کا فارمیٹ گروپ میچز کا ہونے کی وجہ سے ٹائٹل جیتنے تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیم بھی زیادہ سے زیادہ 40 لاکھ 20 ہزار ڈالرز انعامی رقم جیت سکتی تھی، موجودہ ورلڈکپ کی فاتح سائیڈ کو گذشتہ ایونٹ کی بانسبت ڈھائی لاکھ ڈالرز زیادہ رقم ملے گی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا سب سے زیادہ 5ورلڈ کپ ٹائٹل جیت چکا ہے، کینگروز نے1987، 1999، 2003، 2007اور 2015 میں عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔