سانحہ داتا دربار: خود کش حملہ آور کا جوتا بھارتی برانڈ کا نکلا
داتا دربار خودکش حملے کے تہلکہ خیز انکشاف سامنے آگئے، خود کش حملہ آور کا جوتا بھارتی برانڈ کا نکلا ہے۔
پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے برانڈ اور سینڈل کے متعلق تفصیلات اکٹھی کر لیں، دہشت گرد کے ہاتھ کے فنگر پرنٹس نادرا بھجوا دیئے گئے، دہشت گرد کے جسمانی اعضا کو دہشت گردوں کے ڈی این اے بنک سے میچ کیا جا رہا ہے، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ آج اعلٰی حکام کو ارسال کرے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز صوفی بزرگ حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی پر خود کش حملے میں 5 اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید جبکہ 30 زخمی ہوئے۔ شہدا میں ایک 10 سالہ بچہ بھی شامل ہے۔
شہدا میں 5 ایلیٹ فورس کے اہلکار، ایک نجی سکیورٹی کمپنی کا گارڈ اور قریب سے گزرنے والے 5 شہری بھی شامل ہیں۔ 3 پولیس اہلکاروں، خاتون، پانچ سالہ بچے سمیت 30 افراد زخمی ہوئے۔ پانچ افراد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ 6 زخمیوں نے ہسپتال پہنچ کر دم توڑا۔ فرانزک اہلکاروں کو خود کش بمبار کا سر، ٹانگیں او ر ہاتھ جائے وقوعہ کے قریب سے مل گئے۔
دہشت گرد کے فنگر پرنٹس شناخت کے لیے نادرا کو بھجوا دیئے گئے۔ ذرائع کے مطابق بم میں بال بیئرنگ اور کیلوں کا استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد فورسز نے داتا دربار کے آس پاس کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا،جس میں متعددمشکوک افراد کوحراست میں لے لیا گیا، علاقے کے ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی۔