لاہور سے افسوسناک خبر: ڈولفن فورس کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ، یہ کون تھا اور اصل معاملہ کیا نکلا ؟ تفصیلات آ گئیں
صوبائی دارلحکومت کے علاقہ شاد باغ میں ڈاکوئوں کا تعاقب کرتے ہوئے ڈولفن فورس کی فائرنگ سے 14سالہ راہگیر بچہ جاں بحق ہو گیا ،ورثاء نے لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے ذمے داروں کو گرفتار کر کے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ شاد باغ میں ڈولفن فورس کے اہلکاروں نے ایک گاڑی میں موجود مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی لیکن گاڑی میں سوار افراد نے گاڑی روکنے کی بجائے اور تیز کردی جس کی وجہ سے ڈولفن اہلکاروں نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ کی زد میں آکر سلیم نامی راہگیر جاں بحق ہوگیا۔ ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے
ورثاء نے لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوگئی ، مظاہرین نے فائرنگ کرنے والے ڈولفن اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب ایس پی ڈولفن ندیم کھوکھر کا کہنا ہے کہ گاڑی میں سوار پانچ ڈاکوئوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو دیگر شہروں میں بھی جرائم میں ملوث ہیں اور کرائے کی گاڑی لیکر واردات کے لئے آئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس کے روکنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر جوابی فائرنگ کی گئی ۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔(س)