”دبئی اور سعودی عرب سے پاکستانیوں کی جائیداد اور پیسے کا ڈیٹا مانگا تو معلوم ہوا کہ نواز شریف اور دیگر وزراءنے اقامے کیوں لے رکھے تھے“ ڈیٹا مانگنے پر کیا انکشاف ہوا؟ وزیراعظم نے بتایا تو صحافی بھی حیران پریشان رہ گئے
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستانیوں کی بیرون ملک جائیداد، بینک اکاﺅنٹس اور پیسے کی معلومات کے تبادلے کیلئے 26 ممالک کیساتھ معاہدہ کر لیا ہے اور جب دبئی اور سعودی عرب سے تفصیلات مانگی گئیں تو پتہ چلا کہ نواز شریف، خواجہ آصف و دیگر نے اقامے کیوں لے رکھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 26 ملکوں میں پاکستانیوں کے بینک اکاﺅنٹس میں 11 ارب ڈالر ہیں اور ہم یہاں آئی ایم ایف سے قرضے لے رہے ہیں۔ سوئٹزر لینڈ کیساتھ بھی تین روز پہلے معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت گزشتہ پانچ سال کی معلومات ہمیں ملیں گی کیونکہ پانامہ کے بعد بہت سے لوگوں نے اپنے اکاﺅنٹس ختم کر دئیے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان معاہدوں کے تحت ہم نے جب دبئی اور سعودی عرب سے ڈیٹا منگوایا تو معلوم ہوا کہ دونوں ممالک نے اقامہ ہولڈرز کی معلومات نہیں دیں کیونکہ وہ دبئی کے شہری بھی مانے جاتے ہیں جس پر یہ معلوم ہوا کہ نواز شریف، خواجہ آصف و دیگر لوگوں نے اقامے کیوں لے رکھے تھے۔ انہوں نے منی لانڈرنگ کرنی تھی، پاکستان سے دبئی پیسہ بھجوایا جہاں سے لندن، سوئٹزر اور ترکی بھیجا گیا۔