دبئی جانے کے خواہشمندوں کے لیے بڑی خوشخبری، اب خرچہ انتہائی کم ہوگیا کیونکہ ۔۔۔
چلتے ہو تو دبئی کو چلئے، کیونکہ دبئی کی سیر کا خرچ اب اور بھی کم ہو گیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کابینہ کی جانب سے اعلان کر دیا گیا ہے کہ موسم گرما کے دوران امارات آنے والے سیاحوں کے 18سال یا اس سے کم عمر زیر کفالت افراد کے لئے ویزا فیس ختم کر دی گئی ہے۔
یہ خصوصی رعایت ہر سال 15 جولائی سے لے کر 15ستمبر تک دستیاب رہے گی، یعنی اس سال آپ کا دبئی جانے کا پرگرام ہے تو ابھی چند دن اس رعایت سے فائدہ اٹھانے کے لئے موجود ہیں۔ ٹرانزٹ سیاحوں کیلئے پہلے 48گھنٹوں کی ویزا فیس معافی کااعلان پہلے ہی کیا جا چکاہے۔ متحدہ عرب امارات میں ٹریول ایجنٹس نے ان فیصلوں پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ذریعے موسم گرما میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ 14 دن کے ایکسپریس سیاحتی ویزے کا خرچ 497 درہم فی کس ہے جبکہ 30 دن کے ملٹی انٹری سیاحتی ویزے کا خرچ 917درہم ہے، اگر اسے آن لائن خریدا جائے۔ ٹور آپریٹرز کے مطابق سب سے زیادہ مقبول 90دن کا ملٹی انٹری ٹورسٹ ویزا ہے جس کی قیمت 945 درہم ہے۔